Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں گرمی کا زور کب ٹُوٹے گا؟

شدید گرمی کا سامنا کرتے پاکستان میں جمعہ سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بدھ کے روز محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ خبر میں کہا گیا ہے کہ ’جمعے کے روز شام یا رات کے وقت بحیرہ عرب سے مرطوب ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو گا۔‘
ان مرطوب ہواؤں کے باعث جمعے کی شام یا رات سے پیر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکول، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’گلگت بلتستان کے علاقوں استور، گرمنگ، گھانچی اور شکر جب کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی جمعے سے پیر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔‘

آئندہ چند روز میں موسمیاتی اتار چڑھاؤ کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’سنیچر سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، بارکھان، موسیٰ خیل اور ژوب میں آندھی اور گرم چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔‘
محکمہ موسمیات نے موسمی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، البتہ سنیچر اور اتوار کے روز آندھی اور تیز بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔‘

سوشل ٹائم لائنز پر گرم موسم کا ذکر

جہاں شدید گرمی کی اس لہر سے پریشان عوام اس سے بچنے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے۔ وہیں گرمی سے دوچار افراد سوشل میڈیا پر کڑکتی دھوپ اور اس سے پیش آنے والے مسائل کا ذکر بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ جبکہ کچھ صارفین پاکستان کے مختلف علاقوں کے درجہ حرارت سے آگاہ کر رہے ہیں۔ 
شدید سردی کے موسم میں منفی درجہ حرارت پر آگ کے سامنے بیٹھنا ایک معمول کی بات ہے مگر صارف دلشاد احمد نے ایک منفرد تصویر شیئر کی جس میں کچھ نوجوان برف سامنے رکھ کر گرمی سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’یہ آج کل پاکستان کے حالات ہیں۔‘
 

آنے والے چند برسوں میں گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کی پیش گوئی کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف معین چوہدری لکھتے ہیں کہ ’پاکستان کا ٹمپریچر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ یاد رکھیں! اگر آج یہ گرمی ہم سے برداشت نہیں ہورہی تو 10 برس بعد ہمارے بچے گلوبل وارمنگ سے ہمارے ہی ہاتھوں میں تڑپ تڑپ کے مریں گے۔ اس کا واحد حل شجر کاری ہے. اس لیے وزیراعظم کی شجر کاری کمپین میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔‘
 

سوشل میڈیا صارف صائمہ ماہین نے ایک تصویر شیئر کی جس میں روڈ پر انڈہ فرائی ہوتے دیکھا جا سکتا ہے تو ساتھ  لکھا کہ ’ یہ سہولت صرف پاکستان میں موجود ہے۔‘
 

گرمی سے تنگ لوگوں نے جہاں اپنے اپنے انداز میں گرمی کی اس لہر پر رد عمل دیا وہیں ایک صارف مسکان اشرف نے ’اپنے دن کی سب سے خوبصورت تصویر‘ شیئر کی، جس میں ایک شخص سڑک کنارے بیٹھی ہوئی خاتون پر سایہ کرنے کے لیے خود دھوپ میں کھڑا ہے۔ اپنے کیپشن میں انہوں نے لکھا ’آج ٹوئٹر پر دیکھی جانے والی سب سے خوبصورت تصویر ہے۔‘

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے علاقے نوکنڈی اور خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کا درجہ حرارت 49 اور 48 درجے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 44 جب کہ کراچی، لاہور، کوئٹہ میں بھی گرمی کی شدت زیادہ رہی ہے۔

شیئر: