Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
جمعہ کی رات قوم سے خطاب میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ نے نہ صرف امن و استحکام کو متاثر کیا ہے بلکہ عام آدمی کی روزمرہ زندگی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
وزیرِ اعظم کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور جو تیل چند ہفتے قبل 70 ڈالر فی بیرل دستیاب تھا، وہ اب بڑھ کر 158 ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اس تیزی نے مہنگائی میں مزید اضافہ کیا ہے اور ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگیوں پر گہرا اثر ڈالا ہے، تاہم عوام نے ہمیشہ کی طرح صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم حکومت نے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ اضافے کے بعد آج مجھے پیٹرول کی قیمت میں 77 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 177روپے فی لیٹر اضافے کی نئی تجویز بھی دی گئی تھی، جسے عید کے پیش نظر مسترد کر دیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اس مشکل وقت میں عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں ریلیف فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اب تک پیٹرول کی قیمت میں 128 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 205 روپے فی لیٹر اضافے کو روک چکی ہے، جس کے لیے ترقیاتی فنڈ سے 74 ارب روپے برداشت کیے گئے ہیں۔

شیئر: