Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بابا نے پاکستان کو 1994 کا ورلڈ کپ جتوایا، علاج میں مدد کی ضرورت ہے‘

اولمپئن نوید عالم کی بیٹی حاجرہ نوید کی جانب سے سے بھی وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں سے علاج میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔ (فوٹو: بھائی نوید عالم)
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور ہیڈ کوچ رہنے والے اولمپیئن نوید عالم کی بیماری سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں، جن کے مطابق نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے ان کے بھائی مبشر عالم سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’چند روز قبل اولمپیئن نوید عالم کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد شوکت خانم ہسپتال لے جانے پر بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شوکت خانم میں ڈاکٹرز نے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ گھر والے یہ اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اس لیے حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ مدد کرے۔‘
مبشر عالم نے بتایا کہ ’میرے بھائی کی عمر 47 سال ہے انہوں نے نہ صرف پاکستان کی ہاکی ٹیم میں بحیثیت کوچ اپنے فرائض نبھائے بلکہ ورلڈ کپ بھی جتوایا‘۔
اولمپیئن نوید عالم کی بیٹی حاجرہ نوید نے بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپنے والد کے علاج میں مدد کی اپیل کی ہے۔
حاجرہ نوید نے کہا ہے کہ ’بابا نے پاکستان کو 94 ورلڈ کپ جتوایا، علاج میں مدد کی ضرورت ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اولمپیئن نوید عالم کی مدد کرنے کے لیے ٹویٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹوئٹر صارف وقار حسین نے لکھا کہ ’نوید عالم کا علاج بالکل مفت ہونا چاہیے یہ وقت ہے کہ ان کو اس وقت کا صلہ دیا جائے جب انہوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا تھا۔‘
جہاں سوشل میڈیا صارفین اولمپیئن نوید عالم کے علاج کے لیے مدد کی اپیل کرتے دیکھے گئے وہیں بعض صارفین شوکت خانم ہسپتال کے لیے جمع کیے جانے والے عطیات کے استعمال کا بھی پوچھتے رہے۔
ٹوئٹر صارف اویس عمر نے لکھا کہ ’شوکت خانم ہسپتال زکٰوۃ، صدقات اور قربانی کی کھالیں کس کے لیے لیتا ہے؟‘

نوید عالم کے علاج کے لیے درکار رقم سے متعلق بات کرتے ان کے بھائی مبشر عالم کا کہنا تھا کہ ’ایک انٹرنیشنل اولمپک فورم پر ان کے علاج کے لیے رقم اکھٹی کرنے کا کام بھی جاری ہے۔‘

شیئر: