Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے گولڈن اقامے کے لیے ایک لاکھ پروگرامرز سے درخواستیں طلب 

گولڈن اقامہ ہولڈرز امارات کی ڈیجیٹل اکانومی کی تشکیل میں حصہ لیں گے
متحدہ عرب امارات نے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر دنیا بھر کے ایک لاکھ  پروگرامرز کے لیے گولڈن اقامہ جاری کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق پروگرامرز کے قومی پروگرام نے بیان میں کہا ہے کہ ’امارات میں مقیم اور دنیا کے مختلف علاقوں سے پروگرامرز سے گولڈن اقامے کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔‘
امارات آئندہ پانچ برس کے دوران ایک ہزار ڈیجیٹل کمپنیاں قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ گولڈن اقامہ ہولڈرز امارات کی ڈیجیٹل اکانومی کی تشکیل میں حصہ لیں گے اور ملک کے مختلف اہم شعبوں میں تیز رفتار تبدیلیوں کے پیش نظر بنیادی ڈھانچہ استوار کریں گے۔ 
امارات میں مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل اکانومی اور آن لائن ملازمت ایپلی کیشن کے وزیرعمر بن سلطان العلما نے کہا ہے کہ’ امارات  ہر اس شخص کے لیے اپنے دروازے کھولے گا جو اپنے افکار، تجربات، توانائیوں اور خداداد صلاحیت کے ذریعے کامیابی کے سفر کا حصہ بننا چاہتا ہو‘۔
’امارات کے دروازے ہر اس انسان کے لیے کھلے ہوں گے جو آنے والی نسل کے لیے مطلوبہ مستقبل کی تیاری میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کی اہمیت کو مانتا ہو‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’پروگرامرز کا قومی پروگرام گولڈن اقامہ ہولڈرز کو اپنے منفرد افکار مکمل منصوبوں میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا‘۔ 

الیکٹرانک انجینیئرنگ میں ڈگری رکھنے والے درخواست دے سکتے ہیں۔( فوٹو ٹوئٹر) 

 گولڈن اقامے کے لیے ٹیکنالوجی سینٹر کی نامی گرامی بین الاقوامی کمپنیوں کے ملازم پروگرامنگ کے مختلف شعبوں میں نمایاں افراد، منفرد صلاحیت کے مالک، پروگرامنگ انجینیئرنگ کے کسی ایک شعبے میں ڈگری ہولڈرز، کمپیوٹر سائنس، آلات کی انجینیئرنگ، کمپیوٹر انجینیئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، دیوہیکل ڈیٹا اور الیکٹرانک انجینیئرنگ میں ڈگری رکھنے والے درخواست دے سکتے ہیں۔ 
انہو ں نے مزید کہاکہ’’۔ اس پروگرام میں متعدد سرکاریِ، نجی ادارے، اکیڈمیاں اور امارات کے اندر اور باہر کی ٹیکنالوجی کمپنیاں خصوصا گوگل، مائیکروسافٹ، آئی بی ایم، لنکڈن، فیس بک، ہواوی، امازون، نفیبیا، فسکو، ایچ وی ای، ماجد الفطیم، دبئی ورلڈ کمرشل سینٹر، الامارات، دبئی نیشنل بینک، جی 42، جامعہ خلیفہ ، آئی ٹیکنالوجی کالج، شارجہ یونیورسٹی، محمد بن زاید مصنوعی ذہانت کی یونیورسٹی، دبئی میں امریکن یونیورسٹی، لیویگن اور یلا شامل ہیں‘۔ 

شیئر: