Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ای الیون میں نالے پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

بارشوں کے دوران اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے لیے قریبی سکولوں میں مراکز قائم کیے جائیں گے۔ فوٹو: اسلام آباد انتظامیہ
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں بارشوں کی موجودہ صورتحال اور نقصانات کے بارے میں اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، عوامی رابطہ کمیٹی کے ریجنل کنوینیئر جمشید مغل اور کنوینیئر این اے 54 قاضی تنویر نے شرکت کی۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکٹر ای الیون جہاں بدھ کو بارش کے بعد سیلابی صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، وہاں موجود نالے پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سیکٹر ای الیون میں ایک گھر کی بیسمنٹ میں نالے کا پانی داخل ہونے سے دو قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ بارشوں کے دوران اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے لیے تمام ملحقہ سرکاری سکولز میں سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں حکام نے فیصلہ کیا کہ ای الیون میں قائم تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے گا تاکہ آئندہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ نے فوری احکامات  جاری کر دیے ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

شیئر: