Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کےعجائب گھروں کی سیاحت کا الگ ہی لطف ہے

جدہ کے مشہور عجائب گھروں میں قصر خزام  سرفہرست ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کے عجائب گھروں کی سیاحت کا الگ ہی لطف ہے۔ یہ تاریخی شہر کے کھانوں، ملبوسات، دستی مصنوعات، آباؤ اجداد کے طور طریقوں اور رسم و رواج سے واقفیت کا معتبر ذریعہ ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عجائب گھروں کے علاوہ جدہ کا ساحل کھلے عجائب گھر کا درجہ رکھتا ہے جہاں پانچ سو سے زیادہ جمالیاتی مجسمے موجود ہیں۔ ان کے خالق سعودی عرب، امریکہ، عرب اور یورپی ممالک کے نامی گرامی آرٹسٹ ہیں۔ 
جدہ کے چوراہے عصر حاضر کے فن کے خوبصورت نمونے ہیں اور یہ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
جدہ کے مشہور عجائب گھروں میں قصر خزام عجائب گھر سرفہرست آتا ہے۔ یہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کا محل ہوا کرتا تھا جہاں وہ سرکاری مہمانوں کا خیر مقدم کیا کرتے تھے۔ عوامی وفود بھی اس قصر میں شاہ عبدالعزیز سے ملا کرتے تھے۔ یہ جدہ کی عمارتوں کے فن تعمیر کا حسین شاہکار ہے۔ 
بیت البلد عجائب گھر بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہاں اسلام کی آمد سے قبل اور اسلامی ادوار سے تعلق رکھنے والے انواع و اقسام کے نوادر سجے ہوئے ہیں۔ دستی مصنوعات، سمندر میں ماہی گیری کے آلات، جدہ کے قدیم گھرانوں کے فرنیچر بھی رکھے ہوئے ہیں۔
جدہ کے ابرق الرغامہ میں کنگ عبدالعزیز کلچرل سینٹر بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ سعودی عرب کی تاریخ کی نمائندگی کی بدولت بڑا مشہور ہوگیا ہے۔ ابرق الرغامہ وہ آخری مقام ہے جہاں جدہ میں داخل ہونے سے قبل شاہ عبدالعزیز نے پڑاؤ ڈالا تھا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب مملکت کی مختلف ریاستوں کو متحدہ ریاست سے جوڑنے کی کوششیں کر رہے تھے۔ 

نصیف ہاؤس جدہ قابل دید مقامات میں سے ایک ہےـ (فوٹو: ایس پی اے)

نصیف ہاؤس بھی جدہ کے قابل دید تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ 150 برس پرانا ہے۔ یہاں شاہ عبدالعزیز نے متعدد دوست ممالک کے سفرا اور ایلچیوں کے ساتھ باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کے معاہدے کیے۔
جدہ میں کئی سائنسی عجائب گھر بھی ہیں۔ اس شہر میں نجی عجائب گھر بھی پائے جاتے ہیں۔ ان سب میں نمایاں ترین ’مدینتہ الطیبات‘ ہے۔ یہ جدہ کا سب سے بڑا عجائب گھر مانا جاتا ہے۔ یہاں 14 ہزار سے زیادہ نوادر 67 ہالز میں سجے ہوئے ہیں۔ سعودی اور عرب دنیا کے تاریخی گھر کا ماڈل بھی ہے جبکہ روایتی دستکاریوں اور ملبوسات کی نمائش بھی سجی ہوئی ہے۔ یہاں اسلامی ورثے کا نمائندہ اور عالمی ورثے کا آئینہ دار روایتی گھر کا نمونہ بھی رکھا گیا ہے۔ یہاں تعمیرات اور دستکاریوں کے حوالے سے اسلامی آرٹ کے نمونے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ 


باب البنط میں ریڈ سی عجائب گھر قائم کرے گی۔ (فوٹو: ایس پی اے) 

وزارت ثقافت نے حال ہی میں ریڈ سی میوزیم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جدہ کے تاریخی علاقے کی مشہور عمارت ’باب البنط‘ میں ریڈ سی عجائب گھر قائم کرے گی۔
اس کا افتتاح 2022 کے اواخر میں ہوگا- جہاں نادر کتابیں، تصاویر، قلمی نسخے محفوظ کیے جائیں گے۔  یہ سب بحیرہ احمر کے ساحل اور دنیا بھر کے باشندوں کے درمیان پل کا کام دینے والی باب البنط عمارت کی کہانی پر مشتمل ہوں گے۔ 
ریڈ سی میوزیم میں سو سے زیادہ منفرد شاہکار رکھے جائیں گے۔ یہاں سالانہ 4 نمائشیں ہوا کریں گی۔ یہاں مختلف عمر کے لوگوں کے لیے تعلیمی پروگرام بھی ہوں گے۔ زیادہ  زور جہاز رانی، تجارت، جغرافیائی حقائق اور حج کی کہانیوں پر دیا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: