Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفری پابندیوں میں نرمی: کون سے مسافر امارات میں داخل ہوسکتے ہیں؟ 

متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ 
اماراتی حکام نے پاکستان، انڈیا، نیپال، سری لنکا، نائیجیریا اور یوگنڈا سے آنے والے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے نئی کیٹگریز کا اعلان کیا ہے۔
ان کیٹگریز میں شامل مسافروں کو 5 اگست سے متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔  

رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافر 

مذکورہ بالا 6 ممالک سے آنے والے مسافر 5 اگست سے متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے پاس متحدہ عرب امارات کا رہائشی اجازت نامہ موجود ہو۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں کے لیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے کی شرط عائد کی گئی ہے اور دوسری خوراک لگوائے ہوئے 14 دن گزر چکے ہوں۔‘  
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری حکام سے منظور شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی بھی شرط عائد کی گئی ہے۔  

صحت اور شعبہ تعلیم سے منسلک افراد 

پاکستان اور انڈیا سمیت مذکورہ 6 ممالک سے آنے والے ایسے مسافروں کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے جو متحدہ عرب امارات میں ڈاکٹرز، نرسز یا دیگر طبی عملے کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ 
اس کے علاوہ تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد جیسے یونیورسٹی، کالج یا سکول میں پڑھانے والے اساتذہ کو بھی 5 اگست سے امارات میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پاکستان، انڈیا، نیپال، سری لنکا، نائیجیریا اور یوگنڈا سے آنے والے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

طلبہ اور سرکاری ملازمین   

متحدہ عرب امارات میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی 5 اگست سے پاکستان سے داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں سرکاری ملازمین کو بھی داخلے کی اجازت ہوگی۔ اس کیٹگری میں شامل افراد پر کورونا ویکسین کی خوراک حاصل کرنے کی شرط عائد نہیں ہے۔  
حکام کے مطابق ’تمام مسافروں کو سفر سے قبل فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹٹی اینڈ سٹیزن شپ سے اجازت حاصل کرنا ہوگی‘ جبکہ 48 گھنٹے قبل کا کورونا ٹیسٹ جمع کرانے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔ 

ٹرانزٹ پروازوں کے مسافر 

متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازوں کو بھی داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ ٹرانزٹ مسافروں سے مراد ایسے مسافر ہیں جو کسی بھی ملک کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں لیکن ان کی پرواز براستہ متحدہ عرب امارات ہو۔

متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازوں کو بھی داخلے کی اجازت دے دی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اماراتی حکام نے ’اس سے قبل ایسی پروازوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی تھی جو کہ اب ہٹا دی گئی ہے۔‘
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے حکام نے بتایا کہ ’ٹرانزٹ مسافروں کے طریقہ کار سے متعلق ابھی کچھ چیزیں طے کی جاری ہیں۔‘
’ابتدائی طور پر 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کی شرط اور ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط عائد کی گئی ہے تاہم کسی مخصوص کمپنی کی ویکسین کی شرط عائد نہیں کی گئی ہے۔‘ 

شیئر: