Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے گرفتار صحافی ضمانت پر رہا

پاکستانی صحافیوں کی جانب سے ان گرفتاریوں کی مذمت کی جارہی ہیں۔
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے لاہور سے گرفتار کیے گئے دو صحافیوں کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سنیچر کی صبح لاہور سے صحافی عامر میر اور عمران شفقت کو گرفتار کیا تھا۔ کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد دونوں صحافیوں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سات اگست 2021 کو ملزم عمران شفقت اور عامر میر کو بالترتیب ایف آئی آر  127/ 2021 اور 128/2021 زیر دفعہ PECA 24، 20، 13، 11 اور 505، 500، 469 اور 509 میں گرفتار کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات اعلی عدلیہ کے ججوں، پاک فوج اور خواتین سے متعلق تضحیک آمیز رویہ رکھنے پر درج کیے گئے۔ یوٹیوب پر چلنے والے دو چینل Googly  اور Tellings  کے نام سے ایسے پیغامات نشر کیے گئے جس سے قومی سلامتی کے اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی بنیادوں کو کمزور کرکے عوام کے ان اداروں پر اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو ضمانت پر چھوڑ دیا گیا تاہم تفتیش جاری ہے۔ آئندہ ملزمان کے خلاف مزید ثبوت اکھٹا کرکے چالان عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔‘
قبل ازیں ایف آئی اے کے ایک افسر نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے عمران شفقت اور عامر میر کی گرفتاری کی تصدیق کردی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں صحافیوں کو سائبر کرائم ونگ کی جانب سے حاضری کے نوٹس جاری کیے گئے تھے اور ان کی عدم حاضری کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی۔
اس سے قبل صحافی حامد میر نے اپنی ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ’ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے عامر میر کو صبح لاہور میں گرفتار کرلیا ہے اور ان کا موبائل اور لیپ ٹاپ چھین لیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں مقیم ایک اور صحافی عمران شفقت کو بھی ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے۔
عامر میر اور عمران شفقت ماضی میں پاکستان کے بڑے صحافی اداروں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور آج کل اپنے یوٹیوب چینل چلارہے ہیں۔

عمران شفقت ماضی میں پاکستان کے بڑے صحافی اداروں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔

پاکستانی صحافتی حلقوں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان گرفتاریوں کی مذمت کی جارہی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینئر صحافی عامر میر اور وی لاگر سید عمران شفقت کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاسی و صحافتی ناقدین دباؤ میں لانے کے لیے اپنے اختیارات کا غیرقانونی استعمال کیا جارہا ہے۔ فاشسٹ حکومت میں صحافیوں، قلم کاروں اور اظہار رائے کے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے سچ بولنے پر ڈٹے باضمیر افراد کا غائب کیا جانا، گھروں کے باہر صحافیوں کو گولیاں مارنا انتہائی قابل مذمت ہے‘۔
اسی معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں ان گرفتاریوں کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے سیاسی مخالفین اور میڈیا میں ناقدین کو نشانہ بنارہے ہیں اپنی ناکامی چھپانے کے لیے۔
پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ صحافیوں کو اس طریقے سے اٹھایا جانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویک اینڈ پر گرفتاریوں کا مطلب یہ ہے کہ دونوں صحافیوں کو اب پیر تک حوالات میں رکھا جائے گا۔

شیئر: