Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی شہری نازنین زغاری کی رہائی، شوہر کی اقوام متحدہ میں درخواست

رچرڈ رٹکلیف کا کہنا تھا کہ ’ہم گذشتہ کچھ مہینوں سے خاموش تھے۔‘ (فوٹو روئٹرز)
ایران میں قید ایرانی نژاد برطانوی شہری نازنین زغاری کے شوہر رچرڈ رٹکلیف نے اقوام متحدہ سے درخواست کی ہے کہ وہ نازنین کی رہائی کے لیے کوشش کرے۔
عرب نیوز کے مطابق رچرڈ رٹکلیف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نازنین کی بحفاظت رہائی کے لیے ’فوری مداخلت‘ کرے۔
ایران کے نئے صدر کے اقتدار سنبھالنے کے بعد تہران نے رواں ہفتے نازنین اور دیگر دوہری شہریت کے حامل افراد کی رہائی روک دی۔
رچرڈ رٹکلیف کا کہنا تھا کہ ’ہم گذشتہ کچھ مہینوں سے خاموش تھے اور امید کر رہے تھے کہ برطانوی حکومت کے ایران کے ساتھ مذاکرات رنگ لے آئیں گے۔‘
’لیکن ایران کا یرغمال افراد کی رہائی کے لیے بات چیت کو روک دینے کا اعلان اشارہ دیتا ہے کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے بعد معاملات مزید خراب ہو گئے ہیں۔‘
نازنین زغاری کو 2016 میں قید کیا گیا تھا لیکن رواں برس اپریل میں انہیں مزید ایک سال قید کی سزا دی گئی تھی۔
رٹکلیف نے کہا کہ ’میں رواں ہفتے برطانوی سیکرٹری خارجہ سے ملا اور انہوں نے مذاکرات نتیجہ خیز ہونے والے تھے لیکن ہو سکتا ہے کہ نئی حکومت میں انہیں مزید سزا دی جائے۔ وہ پرعزم تھے کہ کسی برطانوی شہری کو پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔‘
برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے رواں ہفتے نازنین کو دی جانے والی قید کی مذمت کی تھی۔
ان کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ’ایران کی طرف سے ہماری دہری شہریت کے حامل افراد کو قید کرنا ناقابل قبول ہے۔ ہم ایرانی حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں مزید دیر کیے بغیر رہا کیا جائے۔‘

شیئر: