Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرین پر سفر کے لیے یکم اکتوبر سے کورونا ویکسینشین لازمی

این سی او سی کے مطابق یکم اکتوبر 2021 سے صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی ٹرین پر سفر کر سکیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
ملک میں کورونا کی صورت حال پر نظر رکھنے والے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر 2021 سے صرف وہی لوگ ریل گاڑی پر سفر کر سکیں گے جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو گی۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کیسز کا جائزہ لیا گیا جب کہ راولپنڈی اور پشاور میں بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں تمام متعلقہ اکائیوں کو ایس او پیز پر عمل درامد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
این سی او سی کے اجلاس میں محرم کے حوالے سے ہونے والے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ملک میں جاری ویکسینیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ دوسری ڈوز بروقت لگوانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان میں پچھلے کچھ عرصہ کے دوران کورونا کے کیسز بڑھتے دیکھے گئے جس کی وجہ سے سندھ میں آٹھ اگست تک لاک ڈاؤن لگایا گیا جبکہ وفاقی دارلحکومت سمیت دیگر شہروں میں بھی بندشیں عائد کی گئیں۔
این سی او سی پر کورونا کیسز کے حوالے سے دی گئی اعداد و شمار کے مطابق اب تک پورے ملک میں تین کروڑ 74 لاکھ 24 ہزار سات سو چھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ 96 ہزار پانچ سو 50 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 71 ہزاور چھ سو 20 ہے، گذشتہ 24 گھنٹے میں تین ہزار آٹھ سو پانچ مزید کیسز سامنے آئے۔
ویب سائٹ پر دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے اب تک ملک میں 23 ہزار نو سو 18 اموات ہو چکی ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹے میں وائرس کی وجہ سے 53 افراد جان سے گئے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک میں وائرس سے نو لاکھ 64 ہزار چار سو چار افراد صحت یاب بھی ہوئے جن میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران صحت یاب ہونے والے دو ہزار سات سو 65 افراد بھی شامل ہیں۔

شیئر: