Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات جانے والے مسافروں کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا آغاز منگل سے

مسافر نیگٹو ریپڈ پی سی آر رپورٹ حاصل کرنے کے بعد ہی چیک اِن کے لیے کاونٹرز پر جا سکیں گے۔ (فائل فوٹو:اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت سب سے پہلے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کل سے دستیاب ہوگی۔
دوسری جانب فلائی دبئی نے لیبارٹریز میں جا کر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانے کا کراچی کی لیبارٹریز کے ساتھ منصوبہ ترک کر دیا ہے۔
فلائی دبئی کی جانب سے اپنے مسافروں کے نام جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ’امارات کا اقامہ رکھنے والے ان افراد کے لیے خوشخبری ہے جو واپس جانا چاہتے ہیں کہ کل یعنی منگل 10 اگست سے سیالکوٹ سے ہفتہ وار چھ پروازیں روانہ ہوں گی۔
اس حوالے سے مسافروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ امارات کی حکومت کی جانب سے ریپڈ پی سی آر کی شرط رکھی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایئرپورٹ پر سٹی لیب کے ساتھ مل کر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کا انتظام کر لیا گیا ہے۔
مسافر اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے پانچ سے چھ گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائیں اور لیبارٹری کی جانب قائم ڈیسک پر اپنی رجسٹریشن کروائیں۔ مسافر روانگی کے وقت سے چار گھنٹے پہلے ٹیسٹ کے لیے نمونہ دیں گے اور ٹیسٹ کی رپورٹ 90 منٹ میں انھیں فراہم کر دی جائے گی۔
مسافر نیگٹو ریپڈ پی سی آر رپورٹ حاصل کرنے کے بعد ہی چیک اِن کے لیے کاونٹرز پر جا سکیں گے۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز فلائی دبئی نے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے کراچی کی تین لیبارٹریاں مختص کی تھیں تاہم اب وہ منصوبہ ترک کر دیا گیا ہے۔

امارات کی حکومت کی جانب سے ریپڈ پی سی آر کی شرط رکھی گئی ہے۔ فائل فوٹو: ان سپلیش

اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر فلائی دبئی کے کسٹمر کیئر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ امارات کی حکومت کی شرط ہے کہ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ایئرپورٹس پر ہی کیا جائے اس لیے جن لیبارٹریز پر جا کر ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا تھا، اب وہ پروگرام کینسل کر دیا گیا ہے۔
فلائی دبئی کے مطابق جلد ہی کراچی ایئرپورٹ پر بھی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہوجائے گی، اس حوالے سے کچھ لیبارٹریوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
اس حوالے سے سٹی لیب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک صرف سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ہی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔ باقی شہروں میں ایئرپورٹ پر سہولت موجود نہیں تاہم کراچی میں لیبارٹری میں جا کر ٹیسٹ کرایا جا سکتا ہے۔

مسافر نیگٹو ریپڈ پی سی آر رپورٹ حاصل کرنے کے بعد ہی چیک اِن کے لیے کاونٹرز پر جا سکیں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ مسافروں کو ریپڈ پی سی آر سے پہلے روانگی کے 72 گھنٹے کے اندر اندر منظور شدہ لیبارٹری سے پی سی آر ٹیسٹ کرانا اور اس کی نیگیٹو رپورٹ ساتھ رکھنا بھی لازمی ہے۔
اس کے علاوہ امارات جانے کے خواہش مند افراد اماراتی حکومت کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرتے ہوئے اپنی ویکسینیشن اور دیگر سفری معلومات سے آگاہ کرنے کے بھی پابند ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پانچ اگست سے پاکستان سمیت دیگر ملکوں سے سفری پابندی جزوی طور پر ختم کرتے ہوئے اقامہ ہولڈرز کو آنے کی اجازت دی تھی۔ اس کے لیے ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر کی شرط رکھی گئی تھی تاہم پاکستان میں اس کی سہولت نہ ہونے کے باعث سینکڑوں مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کو تسلیم کرنے کی درخواست کی تھی جس پر تاحال امارات کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

شیئر: