Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ڈی ایم جب تک پیپلز پارٹی کی مانتی رہی، کامیاب رہی‘

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’پی ڈی ایم جب تک پی پی کی مانتی رہی، کامیاب رہی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک اپوزیشن جماعتوں کی تحریک پی ڈی ایم پیپلز پارٹی کی بات مان رہی تھی کامیاب رہی۔
منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’آج بھی عمران خان اور عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کی تحریکیں لائی جائیں تو حکومت گر جائے گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی وقت عام انتخابات ہو سکتے ہیں، ہم اپنی تیاری کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’حکومت غیر مستحکم ہے اور کسی بھی وقت الیکشن ہو سکتے ہیں۔‘
انہوں نے وفاقی حکومت پر سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’وہ کراچی کے عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے۔‘
بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل سے دہشت گردی ختم ہو سکتی ہے۔
چند روز پیشتر مسلم لیگ ن سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں ثنا اللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی مسلم لیگ ن نے توہین کی، ان کو جلسے میں نہیں بلایا گیا۔‘
انہوں نے مسلم لیگ ن پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور کے ترجمان کوئٹہ کی سیاست کو نہیں سمجھتے۔‘
جب وزیر داخلہ شیخ رشید کے حالیہ بیان ’اگلی حکومت بھی تحریک انصاف کی ہو گی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے سوال پوچھا گیا تو انہوں کہا کہ ’یہی صاحب مشرف کے لیے کہتے رہے کہ ’انہی کی حکومت آئے گی، صدر زرداری نے ان کو بھگایا، اور ہم اسی طرح کپتان کو بھگائیں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک وفاقی حکومت سندھ کے حوالے سے یکطرفہ فیصلے کرتی رہے وہ سب ہی متنازع رہیں گے۔

شیئر: