Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی کنارے پر جھڑپیں، فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم چار فلسطینی ہلاک

فلسطینی اتھارٹی کا مغربی کنارے میں محدود اختیار ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مقبوضہ مغربی کنارے پر چھاپے کے دوران اسرائیلی فورسز اور فلسطینی بندوق برادروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم چار فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین میں پیر کو ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ان فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق ایک مقامی فلسطینی نے کی۔
ایک بیان میں اسرائیلی پولیس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے بھیس میں خصوصی فورسز ایک شدت پسند کو حراست میں لینے کے مشن پر تھیں جب حملہ آوروں کی ’ایک بڑی تعداد‘ نے ان پر فائرنگ کی۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق ’خفیہ فورسز نے دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ کر کے انہیں روکا۔‘
وائس آف فلسطین ریڈیو پر جنین شہر کے گورنر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران کم از کم چار فلسطینی ہلاک ہوئے، جبکہ اسرائیلی فورسز میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔  
واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967 میں ہونے والی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مغربی کنارے پر قبضہ کیا تھا جبکہ فلسطینیوں کی کوشش ہے کہ وہ مغربی کنارے اور غزہ کو مستقبل کی ریاست کے طور پر حاصل کریں جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
اسرائیل کے ساتھ 1990 کی دہائی میں طے پانے والے عبوری امن معاہدے کے تحت قائم ہونے والی فلسطینی اتھارٹی کا مغربی کنارے میں محدود اختیار ہے۔
تاہم اسرائیلی فورسز اس علاقے میں غالب ہیں اور وہ وہاں مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لینے کے لیے اکثر چھاپے مارتے رہتے ہیں۔
 

شیئر: