Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ایل پی جی مزید مہنگی

وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی نئی قیمت 118 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
منگل کی شام وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ڈیڑھ روپیہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ڈیڑھ روپیہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ  لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی نئی قیمت 118 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
ڈیڑھ روپے کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 115 روپے تین پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 84 روپے 77 پیسے لیٹر ہوگی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 86 روپے 80 پیسےفی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے آئندہ 15 روز کے لیے ہوگا۔
دوسری جانب گھریلو استعمال کے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں فی کلو چار روپے سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح سلنڈر کی قیمت میں 58 روپے اضافہ ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین پیٹرولیم مصنوعات پر قیمتوں میں کمی پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

ماریہ چوہدری نامی ٹوئٹر صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ تحریک انصاف کے کارکن اب کہیں گے کہ ’پٹرول پورے 1 روپے 50 پیسے سستا ہو گیا لیکن کوئی پٹواری اور لفافہ آپ کو نہیں بتائے گاـ‘
فہد علی نے ٹویٹ کیا کہ ’عوام پر پٹرول بم گرانے والا میڈیا آج سستا ہونے پہ نیپال بیٹھا ہے اب بھی ذرا ہیڈ لائن چلائیں، شوں شوں ڈش ڈش گڑ گڑ گڑ۔‘

شیئر: