Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہدایت کار کی فلم ’سکیلز‘ اب نیٹ فلکس پر

فلم کے ڈائریکٹر شاد امین کا کہنا ہے کہ ’سکیلز‘ پدر سری معاشرے پر آرٹسٹک تبصرہ ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
رواں سال سعودی عرب کی جانب سے اکیڈمی ایوارڈز کے لیے بھیجی گئی فلم ’سکیلز‘ یا ’سیدۃ البحر‘ اب آن لائن سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر دیکھی جا سکتی ہے۔
فلم کو امریکہ اور سعودی عرب میں خاصی پذیرائی ملی ہے اور فلمی میلے میں ایوارڈ بھی جیتا۔
تخیلاتی کہانی پر مبنی فلم کو شاد امین نے ڈائریکٹ کیا ہے اور یہ متحدہ عرب امارات میں فلمائی گئی۔
فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکی حیات کے گرد گھومتی ہے جس کے گاؤں میں یہ روایت ہے کہ چھوٹی بچی کو ایک پراسرار سمندری مخلوق کی بھینٹ چڑھایا جاتا ہے۔
گاؤں کی اس روایتی قربانی کے لیے جب حیات کی باری آتی ہے تو وہ رسم کو توڑنے اور نیا راستہ بنانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
سنہ 2019 میں پریمیئر کے بعد اس فلم کو ابوظبی اور درجن بھر عالمی فلمی میلوں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا جہاں ’سکیلز‘ نے ورونا فلم کلب ایوارڈ، سنگاپور فلم فیسٹیول میں ’بیسٹ پکچر‘ ایوارڈ اور سعودی فلم فیسٹیول میں بہترین فلم اور بہترین اداکارہ کے ایوارڈز اپنے نام کیے۔
فلم کے ڈائریکٹر شاد امین کا کہنا ہے کہ ’سکیلز‘ پدر سری معاشرے پر آرٹسٹک تبصرہ ہے۔
شاد امین اپنی شارٹ فلم ’آئی اینڈ مرمیڈ‘ کی وجہ سے مشہور ہوئے تھے جس کی نمائش سنہ 2013 میں دبئی فلم فیسٹیول میں کی گئی تھی۔
’سکیلز‘ کے حوالے سے ڈائریکٹر نے قبل ازیں کہا تھا کہ یہ فلم دنیا بھر میں دیکھنے والوں کو پدر سری معاشرے میں ایک عورت کے آگے بڑھنے کے بارے میں بتائے گی۔

شیئر: