Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران: ’کورونا‘ سے خامنہ ای کے سینیئر فوجی مشیر ہلاک

حسن فیروز آبادی کی عمر 70 سال تھی۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے سینیئر فوجی مشیر، جو ایرانی افواج کے چیف آف سٹاف بھی رہے، جمعے کو انتقال کر گئے ہیں۔
عرب نیوز نے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حسن فیروز آبادی جن کی عمر 70 سال تھی، سنہ 1989 سے 2016 تک ایران میں سب سے سینیئر فوجی اتھارٹی تھے۔
ارنا نے اس بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی جس سے ان کی ہلاکت ہوئی ہے لیکن ایران کی مقامی خبر ایجنسیوں جن میں ایسنا اور فارس بھی شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کی موت کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے حسن فیروز آبادی پر ’انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں‘ کی وجہ سے پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔
گذشتہ ہفتے ایران جو مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 709 تھی۔
ایران میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 30 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

شیئر: