Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے ڈرون حملے، او آئی سی اور دیگر کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

حوثیوں کے حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں( فائل فوٹو العربیہ)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) متحدہ عرب امارات اور بحرین نے جازان پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کو بروقت کارروائی کرکے ناکام بنانے پر سعودی فضائی دفاعی نظام کی پیشہ ورانہ استعداد اور صلاحیت کی ستائش کی۔
ڈاکٹر یوسف العثیمین نے عالمی برادری سے پھر اپیل کی کہ وہ حوثیوں کی جانب سے سول تنصیبات اور شہریوں کو بیلسٹک میزائلوں اور بارود بردار ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوششوں سے باز رکھنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ 
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ  حوثیوں کی جارحانہ سرگرمیاں بین الاقوامی انسانی قوانین و روایات کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں، حوثی جو کچھ کر رہے ہیں وہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سعودی عرب حوثی دہشت گردوں کو جارحیت سے روکنے، اپنی سرحدوں کے تحفظ، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کے لیے جو اقدامات کرے گا وہ درست اور جائز ہوں گے۔
خلیجی تعاون کونسل، جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ نے بھی حوثیوں کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئےسعودی عرب کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
متحدہ عرب امارات اور بحرین کے دفاتر خارجہ نے علیحدہ بیانات میں عالمی برادری سے حوثیوں کے جارحانہ اقدامات بند کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حوثی سول تنصیبات اور شہریوں کو مسلسل نشانہ بناکر بین الاقوامی قوانین اور یمنی بحران کے پرامن حل کے حوالے سے عالمی کوششوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ 

شیئر: