Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیم سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنی فرسٹریشن اور غصہ کارکردگی میں نکالیں: رمیزراجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے ایک ویڈیو بیان میں شائقین کرکٹ سے کہا ہے کہ آپ کا دکھ اور میرا دکھ ایک ہے اور یہ مشترکہ دکھ ہے۔
سنیچر کو زمیز راجہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ’ناامید ہونے کی ضرورت نہیں ہے ہم دنیا کو بہترین کرکٹ ٹیم بن کر دکھائیں گے۔‘
’میں چاہتا ہوں کہ اس سے ہم سبق حاصل کریں، آگے بھی بڑھیں اور ہمت رکھیں۔ ناامید ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ اور پاکستان میں کرکٹ پر زیادہ دباؤ بڑھا ہے، جو بس میں ہوگا وہ کریں گے اور آپ کو اچھی خبریں اور نتائج ملیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کرکٹ ٹیم سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اپنی فرسٹریشن اور غصہ اپنی کارکردگی سے نکالیں۔ کیونکہ دنیا کو دکھانے کے لیے یہی بہترین علاج ہے اور جب آپ دنیا کی بہترین ٹیم بن جاتے ہیں تو پھر پاکستان میں سیریز کی لائنیں لگ سکتی ہیں اور سب آپ کو کھیلنا چاہیں گے۔‘
رمیز راجا نے کہا کہ ہمیں فینز کی طاقت اور حمایت کی ضرورت ہے۔
’پاکستان کرکٹ ٹیم کو اب دنیا کی بہترین ٹیم بن کر سامنے آنا ہے تاکہ وہ ان چیلنجز سے بآسانی نجات حاصل کر سکے اور آگے بڑھ سکے۔‘
سیریز کی منسوخی سے متعلق رمیز راجا نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں تھا۔ ’آپ کو آئیڈیا ہے کہ ہم کیا توقع کر رہے تھے اور کیا ہوا۔‘
’افسوسناک صورتحال ہے۔ ہم پہلے بھی ایسی صورتحال سے گزر چکے ہیں لیکن ہم آگے بڑھے ہیں۔‘
’ہمارے میں مزاحمت بہت ہے، قوت بہت ہے جو شائقین اور کرکٹ ٹیم کی وجہ سے ہے۔ بقا کے لیے جو جنگ ہے تو اس کی بنیاد پر ہم دنیا کو چیلنج کرتے ہیں۔ اور پھر سے چیلنج کریں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس اعتماد اور اتنی طاقت ہے کہ ڈومیسٹک لیول پر ورلڈ کلاس ٹیم بنا سکتے ہیں اور کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
رمیز راجہ نے کہا ‘فینز سے کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ اور کرکٹ ٹیم کے پیچھے کھڑے ہو اور ان کے بازو بن جائے۔‘

شیئر: