Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی تیل کی درآمد ملکی سالمیت کے خلاف ہے: لبنانی وزیراعظم

لبنان کے وزیراعظم کے مطابق ان کو ملک پر پابندیاں عائد کیا جانے کا خدشہ نہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
لبنان کے وزیراعظم نجیب میکاتی نے کہا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے ایرانی تیل کی درآمد ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق لبنان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نجیب میکاتی کا کہنا تھا کہ ’لبنان کی خودمختاری و سالمیت کی خلاف ورزی پر افسوس ہوتا ہے۔‘
تاہم وزیراعظم نے بتایا کہ وہ ’اس حوالے سے فکرمند نہیں کہ اس وجہ سے لبنان پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں کیونکہ ایرانی تیل کی درآمد میں حکومت کی اجازت اور منشا شامل نہیں۔‘
لبنان میں ایران سے منسلک گروپ حزب اللہ نے جمعرات کو ایرانی تیل ٹرکوں کے ذریعے درآمد کیا تاکہ ملک میں توانائی کے بحران میں کمی لائی جا سکی۔
ایران کے ایک تیل ٹینکر نے سمندری راستے سے پٹرولیم مصنوعات شام کی بندرگاہ پہنچائیں جہاں سے یہ براستہ سڑک ٹرکوں کے سرحد پار لبنان منتقل کی گئیں۔
خیال رہے کہ ایران اور شام دونوں پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔
دریں اثنا لبنان میں حکام نے 20 ٹن امونیم نائٹریٹ اپنے قبضے میں لی ہے۔ ایسا ہی کیمائی مواد گزشتہ برس بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکے کا باعث بنا تھا۔
امونیم نائٹریٹ ایک بے بو کیمیکل ہے جو عام طور پر بطور کھاد استعمال کیا جاتا ہے اور گزشتہ دہائی میں کئی صنعتی دھماکوں کا بھی باعث بنا ہے۔
لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مشرقی بقا وادی میں کھاد کے ایک ویئر ہاؤس پر چھاپہ مارا، اس علاقے کو شام اور لبنان کے درمیان سمگلنگ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق ویئر ہاؤس میں ایک ٹرک کے اندر 20 ٹن امونیم نائٹریٹ ملنے پر اس کو قبضے میں لے کر ’محفوظ مقام‘ پر منتقل کیا گیا۔
وزیر داخلہ بسام مولاوی نے سکیورٹی فورسز کو علاقے میں سرچ آپریشن کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں اس طرح کے مواد کو سورج اور گرمی سے بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہر کوشش کرنی چاہیے تاکہ تباہی کو پہلے ہی روکا جا سکے۔‘

شیئر: