Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یوم وطنی مزید ملکی ترقی اور خوشحالی لانے کی تحریک دے گا‘

شاہ سلمان نے کابینہ کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ کا ورچول اجلاس منگل کو  شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔
شاہ سلمان نے اجلاس میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ 91 واں یوم وطنی ملک میں مزید ترقی اور خوشحالی لانے کی تحریک دے گا۔
سرکاری خر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس نے ارض طاہرہ کو ظاہری اور باطنی نعمتوں سے نواز رکھا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ اس نے مملکت کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی خدمت کا اعزاز عطا کیا ہوا ہے۔
شاہ سلمان نے مزید کہا کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے جس وطن عزیز کی مضبوط بنیادیں قائم کی تھیں اور ان کے بعد جس کی تعمیر و ترقی کا سفر ان کے حکمراں بیٹوں نے جاری رکھا وہ  ترقی کی علامت بنا رہے۔ وہ تمدن کا مینارہ ثابت ہو اور پوری دنیا کے لیے امن و سلامتی کی روشنی دکھاتا رہے۔
کابینہ میں گزشتہ دنوں برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور سعودی قیادت کی ملاقاتوں پر ایک رپورٹ پیش کی گئی۔
خصوصا الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کے لیے شاہ سلمان کے مکتوب کے مندرجات پیش کیے گئے۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ میں متعدد علاقائی و بین الاقوامی حالات، جی سی سی وزرائے خارجہ کا 149 واں اجلاس اور اس کا ایجنڈا نیز قراردادوں پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
کابینہ نے متحدہ عرب امارات، امریکہ اور سعودی عرب کے اس اعلان کا اعادہ کیا جس میں کہا گیا تھا کہ یمنی بحران کا جامع سیاسی حل ضروری ہے۔
یمنی حکومت سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے یہاں اقتصادی استحکام شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات جلد از جلد کرے۔
کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ  ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا ساتھ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دیتے رہیں گے۔
سعودی کابینہ نے گزشتہ ہفتے کے دوران مملکت میں پیش آنے والے واقعات اور فروغ افرادی قوت پروگرام کے آغاز کا جائزہ لیا ۔
کابینہ میں مجلس شوری نیز اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل، سیاسی و سلامتی امور کونسل، کابینہ کی جنرل کمیٹی اور کابینہ کے ماتحت ماہرین کے بورڈ کی رپورٹوں پر گفتگو ہوئی۔
کابینہ نے بنگلہ دیش کے سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر اور سعودی وزارت سرمایہ کاری  کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبے میں مفاہمتی یاداشت کی منظوری دی۔
 نجکاری کو منظم کرنے والے ضوابط  اور تجارتی معاہدوں کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
 

شیئر: