Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وزیراعلیٰ دوبارہ غور کریں، بنڈل آئی لینڈ کا سارا فائدہ سندھ کو ہو گا‘

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور سندھ نے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ’ہم نے ملک اور سندھ کی خاطر مل کر کام کرنا ہوں گا۔‘
 کراچی میں جدید سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر سندھ کے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ پراجیکٹس کا فائدہ سندھ کو ہوگا۔ اس پر دوبارہ غور کریں کہ اس منصوبے سے سندھ کو نہ صرف فائدہ پہنچے گا بلکہ سندھ کو نوکریاں بھی ملیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے کراچی پر دباؤ بھی کم ہوگا۔  بنڈل آئی لینڈ میں لوگ دلچسپی لے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’بڑے پراجیکٹس اس لیے مکمل نہیں ہوتے کیونکہ سیاسی عزم نہیں ہوتا، بڑے پراجیکٹس مشکل ہوتے ہیں۔ کہیں نہ کہیں پھنس جاتے ہیں، پراجیکٹس وزارتوں میں پھنس جاتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ایک شہر کی اہم چیز اس کا ٹرانسپورٹ سسٹم ہوتا ہے۔ ’ہمیں کراچی کے لیے بس ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا پڑے گا۔‘
عمران خان نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیز ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کے ڈالرز کی ضرورت ہے جو ہماری کرنسی مستحکم کر دے۔
’باہر سے پیسے آ رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ان کے پاس ڈالر پڑے ہیں، پیسہ پڑا ہے۔ ہمیں ضروت ہے ان کی کہ وہ ڈالرز لائیں، اس سے ہماری کرنسی مستحکم ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے دو سو ارب کا ایک بڑا پروجیکٹ ہے جس کو اگر وقت پر مکمل کر لیا گیا تو کم خرچہ آئے گا۔
وفاقی حکومت کے کراچی میں پبلک ٹراسپورٹ کو جدت دینے کے ویژن کے تحت کراچی سرکلر ریلوے کو نہ صرف بحال کیا جا رہا ہے بلکہ موجودہ نظام کو وسعت اور جدت دینے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ 
جدید سرکلر ریلوے کے 30 سٹیشنز رہائشی، صنعتی اور دفتری علاقوں کو ملائیں گے جس سے کراچی میں نہ صرف ٹریفک کا بہاؤ کم ہوگا بلکہ روزگار کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت ہوگی. 
20 اعشاریہ سات ارب کی مجموعی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں بجلی سے چلنے والی ٹرینیں شامل کی جائیں گی جس سے آلودگی میں کمی ہوگی۔

شیئر: