’جسے پی ٹی وی کے گیٹ سے اندر نہیں آنے دیا تھا اس نے اتنا نام بنایا‘
بشریٰ انصاری کے مطابق عمر شریف ایک پھرتیلے انسان تھے جس کی بات کا کسی کے پاس جواب نہیں ہوتا تھا۔ (فوٹو: فائل)
پاکستان کے معروف ترین مزاحیہ اداکار عمرشریف کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے تین دن ہوگئے ہیں اور ان کے جسد خاکی کی جرمنی سے کراچی آمد آج منگل کو متوقع ہے۔
ان کے بچھڑ جانے پر ان کے ساتھی اداکار بھی ان سے جڑے قصے اور ان کے اس دنیا پر چلے جانے پر اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔
بشریٰ انصاری ان کے انہی ساتھیوں میں سے ایک ہیں جنہیں عمرشریف نے اپنی اداکاری کے شروع کے دور میں بہت متاثر کیا۔
انسٹاگرام میں اپنی ایک ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے لکھا کہ ’جب میں نئی نئی کراچی آئی تھی اسلام آباد سے تو یہ تھیٹر میں ایکٹنگ کرتے تھے اور میں نے نہیں دیکھا تھا کہ کس طرح کا تھیٹر تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جب عمر شریف نے سٹیج شوز کرنا شروع کیے تو ان کی ان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے دیکھا کہ وہ ایک پھرتیلے انسان تھے ’جس کی بات کا کسی کے پاس جواب نہیں ہوتا تھا۔‘
بشریٰ انصاری نے کہا عمر شریف کو ایک ’سیلف میڈ‘ انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’جسے پی ٹی وی کے گیٹ سے اندر نہیں آنے دیا تھا اس نے اتنا نام بنایا۔‘
طویل علالت کے بعد عمر شریف دو اکتوبر کو جرمنی میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی نماز جنازہ جرمنی کے شہر نورنبرگ میں پیر کو ادا کردی گئی تھی۔
ان کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔