Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امیتابھ بچن اب ریٹائرمنٹ لے لیں، کچھ وقت اپنے لیے بھی ہونا چاہیے‘

امیتابھ بچن 10 ایسی فلموں میں کام کر چکے ہیں جن کی کہانی سلیم خان نے لکھی تھی۔ (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
بالی وڈ کے معروف فلم رائٹر اور سپر سٹار سلمان خان کے والد سلیم خان نے کہا ہے کہ امیتابھ بچن کو اب ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے، انہوں نے بہت کچھ حاصل کر لیا ہے۔
امیتابھ بچن ماضی میں دس ایسی فلموں میں کام کر چکے ہیں جن کی کہانی سلیم خان نے لکھی تھی۔
منگل کو انڈین اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے ہندی روزنامے دینک بھاسکر کو دیے گئے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ سلیم خان کا مزید کہنا تھا ’امیتابھ بچن کو اب ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے، انہوں نے زندگی میں بہت کچھ حاصل کر لیا ہے، زندگی میں کچھ سال اپنے لیے بھی ہونے چاہییں۔‘
ان کے مطابق 'امیتابھ بچن نے اپنی زندگی میں شاندار اننگز کھیلیں، انہوں نے اچھا کام کیا ہے اب انہیں خود کو اس دوڑ سے دور کر لینا چاہیے۔‘
سلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ اس لیے بھی ہونی چاہیے کہ ایک شخص زندگی کے کچھ سال صرف اپنے لیے گزارے۔ شروع کے سال پڑھائی میں گزر جاتے ہیں جبکہ اس کے بعد آپ پر خاندان کی ذمہ داری آن پڑتی ہے۔
سلیم خان نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’میری دنیا اب محدود ہے۔ وہ تمام لوگ جن کے ساتھ میں واک کے لیے جاتا ہوں ان کا فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سلیم خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’امیتابھ بچن نے اینگری ینگ مین کا کردار خوب نبھایا، وہ اب بھی کام کر سکتے ہیں تاہم اب ان جیسے اداکار کے لیے مخصوص کہانیوں کی کمی ہے۔ تکنیکی لحاظ سے ہماری فلمیں بہتر ہوئی ہیں، موسیقی اور ایکشن بھی بہتر ہوا ہے تاہم ہمارے پاس اچھے سکرپٹس نہیں ہیں۔‘

امیتابھ بچن نے پیر کو اپنی 79 ویں سالگرہ منائی (فوٹو: روئٹرز)

سلیم خان کا امیتابھ بچن کے ساتھ پہلا پراجیکٹ ’زنجیر‘ نامی فلم تھی جس میں پران اور جیہا بہادری نے بھی کام کیا تھا۔
امیتابھ بچن کی مشہور فلموں شعلے، دیوار، مجبور، ڈون، تریشول اور دیگر فلموں کی پروڈکشن ٹیم میں بھی سلیم خان شامل تھے۔
امیتابھ بچن نے پیر کو اپنی 79 ویں سالگرہ منائی اور انہوں نے اپنے مداحوں اور خیرخواہوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شیئر: