Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کو آئی فون 13 کی طلب پوری کرنے میں مشکلات

الیکٹرانک چِپ کی ترسیل میں کمی سے ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پیداوار کا ہدف پورا کرنے میں مشکلات ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کو اپنے آئی فون 13 کی پروڈکشن کے ہدف کو حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ گلوبل الیکٹرانک چِپ کی مارکیٹ میں قلت ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رواں سال کے اختتام سے قبل نو کروڑ آئی فون تیار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
بلومبرگ نیوز نے معاملے سے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ الیکٹرانک چِپ فراہم کرنے والی کمپنیاں براڈکوم اور ٹیکساس انسٹرومنٹ مانگ کے مطابق رسد فراہم کرنے میں ناکام ہیں اور ایپل کو اپنا پیداواری ہدف اب لگ بھگ ایک کروڑ کم کر کے آٹھ کروڑ کرنا پڑے گا۔
ایپل نے گزشتہ ماہ اپنے آئی فون کے چار نئے ماڈل پیش کیے تھے جن میں آئی فون 13 منی بھی شامل ہے جس کی قیمت 700 ڈالرز جبکہ آئی فون 13 پرومیکس کی قیمت 1100 ڈالرز ہے۔
وڈبش کے ٹیکنالوجی تجزیہ کار ڈین آئیوس نے خاص طور پر چین اور امریکہ میں آئی فون کی مانگ میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہمارا تخمینہ ہے کہ عالمی طلب تاحال زیادہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی جانب سے اگر طلب اسی تناسب سے رہی تو چھٹیوں کے سیزن میں ایپل کو آئی فون 13 کے 50 لاکھ یونٹس کی کمی کا سامنا ہوگا۔
چیف ایگزیکٹیو ٹم کک نے جولائی میں خبردار کیا تھا کہ چِپ کی سپلائی میں مشکلات سے گزرے تین ماہ کے مقابلے میں آنے والی سہ ماہی میں زیادہ اثرات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک چِپ کی ترسیل میں کمی سے صرف ایپل نہیں انڈسٹری کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے جہاں طلب تیزی سے بڑھی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں