Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بحریہ کے جہاز پی این ایس طارق کا عمان کا دورہ

عمان پہچنے پر بندرگاہ سلطان بن قابوس پہنچنے پر پاکستان کے دفاعی اتاشی اور رائل عمانی بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا (فوٹو: پاکستان بحریہ)
پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس طارق نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے سلسلے عمان کے شہر مسقط کی بندرگاہ سلطان بن قابوس کا دورہ کیا۔
شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں تعیناتی خطے میں بحری سکیورٹی کو یقینی بنانےکے مقصد سے کی جارہی ہے۔
پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پی این ایس طارق جدید ترین اسلحے اور سینسرز سے لیس جہاز ہے اور یہ کثیرالخطر ماحول میں کئی قسم کے بحری آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بندرگاہ سلطان بن قابوس پہنچنے پر پاکستان کے دفاعی اتاشی اور رائل عمانی بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران، پی این ایس طارق کے کمانڈنگ آفیسر نے سید بن سلطان نیول بیس کے کمانڈر اور کموڈور راشد بن عبدالکریم سے ملاقات کی۔
پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت اور تمام شعبوں میں باہمی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
کمانڈنگ آفیسر پی این ایس طارق نے عمان کے عوام کے لیے بالعموم اور رائل عمانی بحریہ کے لیے بالخصوص چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پر پی این ایس طارق نے رائل عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ دوطرفہ مشق میں حصّہ لیا (فوٹو: پاکستان بحریہ)

      دورے کے دوران مباحثے اور بورڈنگ مشقوں کے مظاہرے کیے گئے۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس طارق نے رائل عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ دوطرفہ مشق میں حصّہ لیا۔
بعدازاں پاکستان بحریہ کے جہاز نے عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ خلیج عمان میں مشترکہ پٹرول میں بھی حصّہ لیا۔
      پاکستان بحریہ کا کہنا ہے کہ اس دورے سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے اور دونوں بحری افواج کے مابین آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔

شیئر: