Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ نے بیٹی کو 13 برس بعد ناراض والد سے ملوا دیا

مہاراشڑا سے تعلق رکھنے والی بھاگیاشری کے والد اس وقت ان سے ناراض ہو گئے تھے جب انہوں نے پسند کی شادی کی۔(فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کے مقبول ٹیلی وژن گیم شو ’کون بنے کا کروڑ پتی‘(کے بی سی) سیزن 13 میں اس وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے جب میزبان امیتابھ بچن نے مقابلے میں شریک بھاگیاشری نامی خاتون کو 13 برس بعد ان کے ناراض والد سے ملوا دیا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق مہاراشڑا سے تعلق رکھنے والی بھاگیاشری کے والد اس وقت ان سے ناراض ہو گئے تھے جب انہوں نے پسند کی شادی کی۔
امیتابھ کے سوال پر بھاگیاشری نے بتایا کہ ان کے والد نے ابھی تک ان کی بیٹی سے بھی ملاقات نہیں کی۔ پھر امیتابھ بچن نے انہیں اپنی بیٹی کو کیمرے کے سامنے لانے کو کہا کہ شاید ان کے والد یہ پروگرام دیکھ رہے ہوں۔
بھاگیاشری نے روتے ہوئے اپنے والد سے معافی مانگی۔ اس کے بعد امیتابھ نے بھاگیاشری کو یہ بتا کر حیران کر دیا کہ ان کے والد اس وقت لائن پر موجود ہیں اور پھر باپ بیٹی کے درمیان فون پر بات ہوئی۔
بھاگیاشری کے والد نے کہا کہ جب ان دونوں کے درمیان معاملات ٹھیک نہیں تھے، اس وقت بھی وہ اس کے بارے میں نیک تمنائیں رکھتے تھے۔ انہوں نے بھاگیاشری کے شوہر کے لیے اچھے خیالات کا اظہار کیا اور بیٹی کو مقابلے میں پرسکون رہنے کی ہدایت کی۔
بھاگیاشری کی خوشی دیدنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’کے بی سی‘ ہی ہے جس نے ان کے اپنے والے کے ساتھ تعلقات کو بحال کیا۔
بھاگیاشری نے پروگرام میں ساڑھے 12 لاکھ روپے جیتے۔ انہوں نے 25 لاکھ کے سوال کا جواب نہ دے پانے کی وجہ سے مقابلے سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن 12 ویں مرتبہ ’کون بنے کا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس گیم شو کی تیسرے سیزن میں میزبانی نہیں کی تھی، اس وقت بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کے بی سی کے میزبان بنے تھے۔

شیئر: