Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات، بحرین اور قطر غیر ملکیوں کی رہائش کے لیے 10 بہترین ممالک میں شامل

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رہائش کا معیار وہ واحد وجہ ہے جو تارکین وطن کے زیادہ عرصے تک رہنے کی بنیاد ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
تین خلیجی ممالک کو غیر ملکیوں یا تارکین وطن کی رہائش کے لیے دنیا کی 10 بہترین جگہوں میں شمار کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کو چوتھے، بحرین کو آٹھویں جبکہ قطر کو دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
عرب نیوز نے ایچ ایس بی سی کی 14 ہویں سالانہ ایکسپیٹ ایکسپلورر سٹڈی کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوئٹرزلینڈ تارکین وطن کے رہنے کے لیے بہترین ملک قرار دیا گیا ہے۔
اس فہرست میں دنیا کے 48 ممالک یا جگہوں کو شامل کیا گیا ہے جس میں سعودی عرب کو غیر ملکیوں کی رہائش کے لیے 39 واں بہترین ملک قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رہائش کا معیار وہ واحد وجہ ہے جو تارکین وطن کے زیادہ عرصے تک رہنے کی بنیاد ہے۔
ایچ ایس بی سی کے متحدہ عرب امارات میں چیف ایگزیکٹیو عبدالفتاح شرف کا کہنا ہے کہ ’امارات میں 12 ماہ بعد آنے والوں کی طرف سے امید کا احساس وبائی مرض کے سماجی اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے حکام کی جانب سے فوری ردعمل کی عکاسی کرتا ہے۔‘
سروے میں لوگوں کی تنخواہوں، کیریئر میں آگے بڑھنے کی صلاحیت، ملازمت کی حفاظت اور بچت جیسے معاملات کو مدنظر رکھا گیا، تاہم اس کے ساتھ سروے میں لوگوں سے سماجی مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا گیا۔

شیئر: