Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سات کروڑ افراد کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی‘

پاکستان میں 4 کروڑ افراد کو مکمل ویکسین لگائی جا چکی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ 7 کروڑ پاکستانیوں کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جاچکی ہے۔
اسد عمر نے سنیچر کو اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’ویکسین لگانے کی مہم میں پاکستان مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ سال 2021 کے آخر تک سات کروڑ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔
’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ سات کروڑ افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے جبکہ چار کروڑ افراد کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ سال کے اختتام میں ابھی دو ماہ باقی ہیں تب تک ہدف نہ صرف مکمل کرلیں گے بلکہ اس سے تجاوز کر جائیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 658 کیسز سامنے آئے ہیں، 10 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ایک ہزار 366 کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 690 کورونا ٹیسٹ کیے جاسکے ہیں۔
خیال رہے کہ این سی او سی نے اعلان کیا تھا کہ ویکسین لگوانے کی کم سے کم حد 12 سال کر دی گئی ہے، فائزر ویکسین کی دو خوراکیں 12 سال سے زیادہ کی عمر کے بچوں کو لگائی جائیں گی۔

شیئر: