Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں خاتون ڈرائیور کی ٹکر سے ایک بھائی ہلاک، دوسرا زخمی

حادثہ ایف الیون میں اس وقت پیش آیا جب ایک ڈبل ڈور پک اپ کی موٹر سائیکل کے ساتھ ٹکر ہوئی (فوٹو: سکرین گریب)
اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں نامعلوم خاتون ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک بھائی ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
 خاتون ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار گئیں۔
تھانہ شالیمار میں حادثے میں ہلاک ہونے والے موٹرسائیکل سوار شبیر احمد کے والد کی مدعیت میں نامعلوم خاتون کے خلاف واقع کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں ہلاک ہونے والے شبیر احمد اور زخمی حمزہ کے والد ظہور احمد نے بتایا کہ وہ ضلع ننکانہ صاحب سے تعلق رکھتے ہیں اور کام کاج کے سلسلے میں میرہ آبادی جی 12 میں رہائش پذیر ہیں۔
ان کے بیٹے شبیر احمد اور حمزہ موٹر سائیکل پر منگل کی شام او پی ایف کالج ایف الیون کے سامنے سے گزر رہے تھے کہ تیز رفتار ڈبل ڈور پک اپ نے انھیں پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس گاڑی کو ایک نامعلوم خاتون چلا رہی تھیں اور دونوں لڑکوں کو زخمی حالت میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئیں۔
انھوں نے کہا کہ دونوں زخمیوں کو پمز ہسپتال پہنچایا گیا جہاں شبیر احمد دم توڑ گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی حمزہ کا بیان قلم بند کر لیا گیا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے شبیر احمد کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

شیئر: