Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی وی کا شعیب اختر کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر سے بغیر نوٹس پیریڈ کے استعفیٰ دینے پر تین ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
پی ٹی وی نے شعیب اختر کو 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شعیب اختر نے بغیر بتائے اماراتی ریاست دبئی جا کر بھارتی کرکٹرز کے ساتھ شو کیا جس کی وجہ سے سرکاری ٹی وی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
شعیب اختر کی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران پی ٹی وی سے غیر حاضری پر بھیجے گئے اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ‘آپ کی وجہ سے پی ٹی وی کو جو نقصان ہوا اس پر 100 ملین روپے ادا کریں۔‘
سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر سے بغیر نوٹس پیریڈ کے استعفیٰ دینے پر تین ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
شعیب اختر نے پی ٹی وی کی جانب سے ہرجانے کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘انتہائی مایوس ہوں۔ پی ٹی وی کے لیے کام کرتے ہوئے اپنی عزت اور ساکھ کی حفاظت کرنے میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد اب انہوں نے مجھے ریکوری نوٹس بھیجا ہے۔ میں ایک فائٹر ہوں اور ہار نہیں مانوں گا اور یہ قانونی جنگ لڑوں گا۔‘
’میرے وکیل سلمان خان نیازی اس معاملے کو قانون کے مطابق آگے بڑھائیں گے۔‘
واضح رہے کہ  26 اکتوبر کو سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ مبصر شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے سپورٹس شو کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان لائیو پروگرام کے دوران جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد قائم کی گئی انکوائری کمیٹی نے شعیب اختر اور پروگرام کے میزبان کو آف ائیر کر دیا تھا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے بعد سرکاری ٹی وی پر لائیو شو کے دوران پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے شو چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔

جب یہ جھگڑا ہوا اس دوران شو میں ویون رچرڈز، ڈیوڈ گاور، راشد لطیف، ثنا میر، عاقب جاوید اور عمر گل بھی موجود تھے۔(فوٹو: سکرین گریب)

جب یہ جھگڑا ہوا اس دوران شو میں ویوین رچرڈز، ڈیوڈ گاور، راشد لطیف، ثنا میر، عاقب جاوید اور عمر گل بھی موجود تھے۔
اسی پروگرام کے دوران شعیب اختر نے یہ کہتے ہوئے پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا کہ پروگرام کے میزبان نے لائیو شو میں ان کی بے عزتی کی اور وہ شو کا مزید حصہ نہیں بن سکتے۔
اس کے بعد شعیب اختر نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’پی ٹی وی مجھے کیسے آف ائیر کر سکتا ہے۔‘
بعدازاں ڈاکٹر نعمان نیاز نے صحافی رؤف کلاسرا کے یوٹیوب چینل پر ایک انٹرویو میں شعیب اخر سے معافی مانگ لی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے کوئی حق نہیں تھا۔ انسان غلطی کر گزرتا ہے اور اس کے لیے میں معافی مانگتا ہوں۔ ایک دفعہ نہیں بلکہ لاکھوں دفعہ۔ شعیب اختر ایک راک سٹار ہے اور مجھے اس کی کرکٹ بہت پسند ہے۔‘
’جو بھی کیمرہ پر ہوا وہ غیر مہذب تھا۔‘

شیئر: