Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں مصنوعی روشنیوں کے ساتھ منفرد تفریحی پروگرام

عالمی وبا کورونا کے بعد یہاں آنے والے سیاحوں کی پسند کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
ریاض کے قریب العلا کے قدیم مقامات میں دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کو اب یہ علاقہ ایک منفرد اور نئے انداز میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔
عرب نیوز کے مطابق رات کے وقت خوبصورت برقی قمقموں اور جدید انداز کی روشنیوں  میں العلا کے تاریخی مقامات کو ایک خاص انداز سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔
یونیسکو کےعالمی ثقافتی ورثہ نے 'ہجرہ آفٹر ڈارک' کے عنوان سے چار ہفتے کا  ٹورپروگرام منعقد کیا ہے جس میں قدیم علاقے کے کچھ اہم ترین تاریخی مقامات کا دورہ کیا جا سکے گا۔

تحقیق ہے کہ یہاں رات کے وقت سیر و تفریح کو  زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

رائل کمیشن برائے العلا نے عالمی وبا کورونا کے باعث ہونے والے لاک ڈاون کےبعد یہاں آنے والے سیاحوں کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے رات کےاوقات میں  روشنیوں کے ساتھ یہاں سیروتفریح کا خیال پیش کیا ہے۔
یہاں موجود سائٹ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو ہال نے بتایا ہے کہ کورونا کے باعث ہمیں بہت سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا مگر اس دوران ہم نے دیگر مقامات اور یہاں آنے والوں کی پسند کے بارے میں تحقیق کی کہ لوگ رات کے وقت سیر و تفریح کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں یہ پہلا موقع ہے جب ہم نےاس تھیم کو بڑے پیمانے پر خاص طور پر ہجرہ میں لانچ کیا کیونکہ یہاں ان اوقات میں سیاحوں کو ایک منفرد احساس ملتا ہے۔

قدیم زمانے کی یاد تازہ کرنے کے لیے ڈرامہ بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

ان مقامات کو پرکشش بنانے کے لیے ہجرہ کے گرد ونواح کو رات کے اوقات میں منور کرنے کے لیے بڑی بیٹریوں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ دیکھنے والوں کو اس تاریخی مقام کا ایک منفرد انداز مل سکے۔
اینڈریو ہال کا کہنا ہے کہ ان روشنیوں کی خوبصورتی سے ماحول کو  لطف اندوز بنایا جا رہا ہے۔ یہ خاص روشنیاں شاندار ماحول پیدا کرتی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ آنے والے یہاں اس پر خصوصی توجہ دیں۔
غروب آفتاب کے بعد یہاں آنے والے سیاحوں کا استقبال روایتی لباس میں موجود افراد کرتے ہیں۔ مقامی طور پر تیارکردہ مشروبات یہاں آنے والوں کو ابتدائی طور پر پیش کئے جاتے ہیں۔

علاقے میں نصب خاص قسم کی  روشنیاں شاندار ماحول پیدا کرتی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

العلا میں موجود اس خاص مقام کا دورہ کرنے والی صحافی خلود احمد نے بتایا ہے کہ انہوں نے2018 میں العلا کے اپنے گزشتہ وزٹ اور اس بار یہاں آنے میں واضح فرق محسوس کیا ہے۔
خلود کا کہنا ہے کہ یہ سب بہت شاعرانہ ہے اورغروب آفتاب کے بعد یہاں کے نظاروں اور منفرد روشنیوں نے اس تجربے کو بہت تقویت دی ہے۔
سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف اداکاروں کے ساتھ یہاں قدیم زمانے کی یاد تازہ کرنے کے لیے ڈرامہ بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
ڈرامے میں تاریخی لحاظ سے  بتایا گیا ہے کہ دیگرعلاقوں سے نخلستان کی طرف ہجرت کرنے والے کس طرح خوشحالی کی طرف منتقل ہوئے۔
ڈرامے میں جنگ کی منظر کشی کی گئی ہے اور ناظرین کو الفرید محل کی جھلک بھی دکھائی گئی ہےجہاں رات کے وقت آسمان پر ستاروں کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔
 

شیئر: