نیوزی لینڈ یا انگلینڈ، پہلا سیمی فائنل کون جیتے گا؟ پاکستانی شائقین تقسیم
پاکستانی شائقین دونوں ٹیموں کی جانب دورہ پاکستان کینسل کرنے کا ذکر کرتے رہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 11 نومبر کو گرین شرٹس کے میچ کا انتظار کرتے پاکستانی شائقین میں سے کچھ نیوزی لینڈ اور کچھ انگلینڈ کے جیتنے کی خواہش ظاہر کرنے لگے۔
گروپ اے کی سرفہرست انگلینڈ کی ٹیم گروپ بی میں دوسرے نمبر پر رہنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے مدمقابل آئی تو کرکٹ گراؤنڈ جتنا جوش و خروش سوشل ٹائم لائنز پر بھی موجود رہا۔
پاکستانی کرکٹ شائقین کی خاصی بڑی تعداد جہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جیت کی خواہاں دکھائی دی وہیں بہت سے ایسے بھی تھے جو انگلینڈ کو فاتح دیکھنا چاہتے تھے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کے لیے پسندیدگی سمیت دیگر پہلو جہاں ان کی جیت کی وجہ بتائے گئے وہیں دورہ پاکستان منسوخ کر کے کیوی ٹیم کی واپسی یاد دلانے والوں کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ کی جیت کی خواہش رکھتے ہیں۔
جواب میں انگلینڈ کی فتح کے خواہشمندوں کو یاد دلایا جاتا رہا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم نے بھی نیوزی لینڈ کے اعلان کے بعد دورہ منسوخ کر دیا تھا، ایسا کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی یاد نہیں رکھا تھا وبائی صورتحال کے باوجود پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور وہاں کرکٹ کھیلی تھی۔
انگلش ٹیم کو فاتح دیکھنے والوں میں سے کچھ نے یہ دلیل بھی دی کہ گزشتہ روز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ برس پاکستان کے دورے میں اضافی میچ کھیلنے کا اعلان بھی ایک مثبت اقدام ہے، اس لیے وہ انگلینڈ کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔
سیمی فائنل میچ کے باوجود سٹیڈیم میں کچھ زیادہ رونق نہ ہونے کا ذکر ہوا تو ایسا کرنے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان کو مدمقابل دیکھنے کی توقع ظاہر کرتے رہے۔
کون سی ٹیم کیوں جیتے؟ کی بحث سے قطع نظر کچھ شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی کامیابی کا خواہش کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔
پہلا سیمی فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کی صلاحیتیں اور کھلاڑیوں کی استعداد کے ساتھ سابقہ ریکارڈز کا ذکر چھڑا تو ماضی میں انگلینڈ کی فتح اور نیوزی لینڈ کی شکست کا تذکرہ بھی ہوا۔
نمبرز گیم میں انگلینڈ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہونے کے باوجود کچھ شائقین نے کیویز کی جیت کی خواہش ظاہر کی تو توقع ظاہر کی کہ آج کیویز بازی مار لیں گے۔
گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ڈیل سٹین بھی ٹورنامنٹ کا فائنل نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ہونے کی توقع ظاہر کر چکے ہیں۔
ورلڈ کپ کی ابتدا میں ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیموں میں شمار کی جانے والی انڈین سائیڈ ہار کر وطن واپس لوٹی تو اگر چہ انڈین شائقین کے لیے ٹورنامنٹ میں دلچسپی کا سامان پہلے جیسا نہیں رہا تھا۔ ایسے میں کچھ انڈین شائقین نے پہلے سیمی فائنل پر تبصرہ کیا تو خواہش ظاہر کی کہ وہ آج نیوزی لینڈ کو شکست کھاتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
میچ سے قبل اور اس کے دوران اپنی پسندیدہ ٹیم کی جیت کی توقع ظاہر کرنے والے صرف مقابلے کے نتیجے تک ہی محدود نہ رہے بلکہ ایک قدم آگے بڑھ کر ٹیم کی جیت کی وجہ اور پھر مین آف دی میچ کھلاڑی کی نشاندہی تک جا پہنچے۔
اختیار مزاری نامی ٹویپ نے کیویز کی جیت کی توقع ظاہر کرتے ہوئے مین آف دی میچ کے لیے اپنا آپشن بتایا تو باقیوں سے بھی پوچھا کہ وہ کسے اس پوزیشن پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں نے سپر 12 مرحلے میں اپنے چار چار میچ جیتے ہیں جب کہ انہیں ایک ایک میں مدمقابل ٹیموں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلینڈ کو جنوبی افریقہ جب کہ نیوزی لینڈ کو پاکستان سے شکست ہوئی تھی۔