Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی کمپنی کا تھرپارکر میں پانی کی سپلائی کے لیے حکومت سندھ سے معاہدہ

پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کی کل مالیت 190 ملین ڈالر ہے۔ فوٹو پاکستان سفارتخانہ
کویت کی ایک سرکاری کمپنی تھرپارکر میں پانی کی فراہمی کے لیے 61 کلومیٹر طویل پائپ لائن نبیسر سے وجیہر کے علاقے تک بچھائے گی۔
پاکستان کے کویت میں سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویتی انر ٹیک ہولڈنگ کمپنی اور حکومت سندھ کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب جمعرات کو کراچی میں ہوئی تھی جس میں 190 ملین ڈالر کے منصوبے کی سرمایہ کی دستاویزات تیار کی گئیں۔
کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر اور انٹر ٹیک گلوبل کے چیف ایگزیکٹو افسر عبداللہ الموتیری نے تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
رواں سال جون میں دونوں فریقین نے کنسیشن کے معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے۔
پاکستان کے سفارتخانے کے مطابق منصوبے کا مقصد صوبہ سندھ میں تھر کے علاقے میں پانی کی سپلائی اور ذخیرہ اندوزی کا تاریخی پراجکٹ تعمیر کرنا اور پھر اسے چلانا بھی ہے جس کی کل مالیت تقریباً 190 ملین ڈالر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے سے علاقے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انٹر ٹیک ہولڈنگ کمپنی دراصل کویتی سرمایہ کاری اتھارٹی کی ملکیت میں ہے۔
پچیس سالہ کنسیشن معاہدے کے تحت نبیسر سے وجیہر تک کے علاقے میں 45 کیوسک پانی کی پراسسنگ اور سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کویتی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر عبداللہ الموتیری نے پراجکٹ کے بروقت آغاز کو ممکن بنانے پر پاکستانی حکام اور مالیاتی اداروں سمیت اپنی ٹیم  کو بھی سراہا۔
عبداللہ الموتیری نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے اور ساتھ ہی انہوں نے پاکستان میں صاف پانی، قابل تجدید توانائی اور پائیدار انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سے متعلق منصوبوں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر نے بھی تمام سٹیک ہولڈرز کو سراہا اور کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

شیئر: