Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن میں کورونا اموات پر ہسپتال کے سربراہ کو تین برس قید

مارچ 2021 میں ہونے والی ہلاکتوں پر عوام میں غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔(فوٹو روئٹرز)
اردن کی عدالت نے اتوار کے روزسلط شہر کے سرکاری ہسپتال کے ڈائریکٹر کو  کویڈ میں مبتلا 10 مریضوں کی موت کا سبب بننے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق سرکاری ہسپتال کے ڈائریکٹر عبدالرزاق الخشمان اور ان کے چار معاونین کوان مریضوں کی موت کا سبب بننے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
السلط شہر کے سرکاری ہسپتال میں آکسیجن ختم ہوجانے کے بعد مریضوں کی موت ہوئی تھی۔ ہسپتال میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر اوران کے معاونین کو اس عدالتی فیصلے کے خلاف 10 دن کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔
مارچ 2021 میں کورونا کے باعث ہونے والی ان اموات پر اردن کے عوام میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور یہ عوامی ردعمل وزیر صحت  نذیر عبیدات کے استعفیٰ کا باعث بھی بنا۔
واضح رہے کہ ہسپتال میں گیس کی سپلائی میں تعطل کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی خبر پھیلتے ہی عمان کے شمال مغرب میں واقع الحسین السلط  نیو ہسپتال کے باہر سینکڑوں مشتعل مظاہرین جمع ہو گئے تھے۔
بعدازاں اردن کے شاہ عبداللہ الثانی نے ہسپتال کا دورہ کیا تھا اور ہسپتال کے قریب پہنچتے ہی وہاں موجود مظاہرین نے ان کی گاڑی کو گرد جمع ہونا شروع کر دیا تھا۔
 

شیئر: