Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی مراکز میں داخلے کےلیے بوسٹر ڈوز لگوانا ضروری

ویکسین سے مستثنی زمروں کو استثنی حاصل ہوگا۔ (فوٹو: ایس پی اے) 
سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’بوسٹر ڈوز یکم فروری سے تجارتی مراکز میں شاپنگ  میں داخلے کے لیے ضروری ہوگی۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت تجارت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’18 برس اوراس سے زیادہ عمر کے کسی شہری اورغیر ملکی کو جس نے بوسٹر ڈوز نہ لگوائی ہو اسے تجارتی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ ویکسین کی دوسری خوراک لینے والے ایسے تمام افراد پر یہ پابندی لاگو ہوگی جنہیں دوسری خوراک لیے آٹھ ماہ یا اسے زیادہ گزر چکے ہوں۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ’ اس پابندی سے توکلنا ایپ کے بموجب ویکسین سے مستثنی زمروں کو استثنی حاصل ہوگا۔'
بیان میں وزارت تجارت نے تمام تجارتی اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس کی پابندی کریں اور کرائیں اورخلاف ورزی کرنے والوں کی رپورٹ کریں۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت صحت نے 18 برس اور اس سے زیادہ عمر کے لیے کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا شیڈول جاری کیا ہے۔
بیان کے مطابق ویکسین کی تیسری خوراک پہلی ڈوز کے چھ ماہ بعد لگائی جائے گی اس کے لیے توکلنا اور صحتی ایپ پر وقت لیا جائے۔

 

شیئر: