Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں ونٹرسیزن 2022 کی سیاحتی مہم کا آغاز

مہم میں یورپی اور امریکی سیاحوں کو راغب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
مصر کی وزارت سیاحت نے موسم سرما 2022 کے لیے ملک کے اعلیٰ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لیے ایک آن لائن مہم شروع کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  وزارت سیاحت نےسوشل میڈیا پر چلائی جانے والی اس مہم میں برطانیہ، جرمنی، یوکرین، اٹلی، فرانس، روس اور امریکہ کے سیاحوں کو سنی کرسمس کے مخصوص عنوان سے راغب کرنے کی کوشش کی ہے۔
مصر میں ٹورازم پروموشن بورڈ کے سربراہ امرالکادی نے کہا  ہے کہ موسم سرما کی  اس مہم کا آغاز مغربی ممالک میں کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے ساتھ ہی کیا جا رہا ہے۔
الکادی  نے مزید بتایا ہے کہ اس مہم کا مقصد مصر میں سیاحت کو فروغ دینا اور اس کے ساتھ ساتھ  ملک میں تعطیلات، نئے سال اور کرسمس کو مصر کے شہریوں کو بھی سیاحتی مقامات پر وقت گزارنے کے لیے دلچسپی پیدا کرنا ہے۔
ٹورازم پرموشن بورڈ کے سربراہ  کا کہنا ہے کہ مختصر دورانیہ کی تشہیری  فلم اور مختلف علاقوں کے قدرتی مناظر کی تصاویرکے ساتھ سیاحتی مہم کی نمائش کی گئی ہے۔
 اس مختصر دوانیہ کی فلم  میں مصر کے آثار قدیمہ  کے  علاوہ  موسم، ساحلی تفریح  اور بھرپور خوبصورت مناظر  کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
سیاحتی مہم کی مارکیٹنگ اور اس کے فروغ کے لیے سیاحت اور نوادرات کی معاون وزیر لامیہ کامل کا کہنا ہے  کہ اس تشہیری  مہم کا آغاز  مشہور ویب سائٹس اور سوشل میڈیا  کے تمام پلیٹ فارمز پر کیا گیا ہے۔

مصر کے شہریوں کو بھی سیاحتی مقامات پر وقت گزارنے کے لیے دلچسپی پیدا کرنا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

لامیہ کامل نے مزید بتایا ہے کہ مصر کی وزارت سیاحت دنیا بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد تک پہنچنے کے لیے تشہیر مہم کے تمام جدید ذرائع استعمال کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔
علاوہ ازیں مصرکی ٹورازم پروموشن اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل آف پلاننگ سوزان مصطفی جو کہ بین الاقوامی مہمات کی سربراہ نے اس مہم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینا وزارت کی مارکیٹنگ کی حکمت عملی کا لازمی  جزو ہے۔
اس میں شامل مختلف دلچسپ اور مہماتی فوٹوز، تحریری مواد اور ویڈیوز کی مدد سے سیاحوں کو مصر کی جانب توجہ دلانے کا ایک واضح پیغام دیا جا رہا ہے۔
 

شیئر: