Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا مخالف یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس کو بلاک کر دیا جائے گا‘

انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے خلاف سازش گھڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی رہے گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ کوئی بھی ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل انڈیا کے خلاف سازش کرتے پایا گیا تو اسے بلاک کر دیا جائے گا۔
انڈین وزیر کا یہ بیان 20 یوٹیوب چینلز اور دو ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بات چیت کے دوران سامنے آیا ہے۔
ان یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس پر انڈیا مخالف پراپیگنڈے اور جعلی خبریں پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے خلاف سازش گھڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی رہے گی۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ بہت سے بڑے ممالک نے انہیں پہچان لیا ہے۔ یوٹیوب نے بھی اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بلاک کیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں وزارت اطلاعات و نشریات نے انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے ان چینلز اور دو ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان سے سرگرم نیٹ ورک کی جانب سے انڈیا کے حساس معاملات کے بارے میں جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
بیان کے مطابق ’ان چینلز پر کشمیر، انڈین فوج، اقلیتوں، رام مندر اور جنرل بپن راوت کے بارے میں رائے تقسیم کرنے والا مواد منظم انداز میں نشر کیا جاتا تھا۔
انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی انڈیا کے خلاف سازشیں کرنے، جھوٹ پھیلانے اور معاشرے کو تقسیم کرنے والا مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: