Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکشی بچے کی قبر کے پاس کالا کتا کیوں بیٹھا ہے؟

خشک کنویں میں گر کر ہلاک ہونے والا مراکشی بچہ ریان جس کی موت کی خبر نے دنیا کو رلا دیا، موت کے بعد بھی خبروں میں ہے۔
خبر کے ساتھ منسلک تصویر ریان کے جنازے اور تدفین کی ہے جہاں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی مگر لاکھوں کے مجمعے میں ایک کتا بھی شامل ہے جس پر کسی کی نظر نہیں گئی۔
لواحقین، اقربا، رشتہ دار اور ہمدردی کا اظہار کرنے والے سب لوگ واپس چلے گئے مگر کتا قبر کے پاس بیٹھا رہ گیا۔
آخر اس کتے کی کیا کہانی ہے؟
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریان کی تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ کے علاوہ تدفین کے تمام مراسم میں یہ کالا کتا موجود تھا۔
شاہدین کا کہنا ہے کہ ’کتا ہر وقت سر جھکائے بیٹھا رہا۔ تدفین کے موقع پر اس کی آنکھیں قبر پر جمی ہوئی تھیں اور غم و افسردگی اس پر واضح تھی‘۔

ریان کے افراد خانہ میں سے کسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کتے کے بارے میں واضح کیا کہ ’ریان دیگر بچوں سے مختلف تھا‘۔
’یہ ہے تو آوارہ کتا مگر ریان ہر وقت اس کے ساتھ کھیلتا رہتا تھا، یوں سمجھ لیں کہ یہ کتا اسی کا تھا‘۔

’وہ جہاں بھی جاتا یہ کتا اس کے ساتھ رہتا، اس نے ایک بکری بھی پالی ہوئی تھی۔ بلیوں کو بھی کھلاتا تھا‘۔
واضح رہے کہ مراکشی بچہ ریان خشک کنویں میں گر گیا تھا جسے نکالنے کی کوششیں پانچ دن تک جاری رہیں۔

شیئر: