Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی شام کے شہر سویدا میں سیکڑوں مظاہرین کی احتجاجی ریلی

شام کو مغربی پابندیوں اور کورونا وبا کے باعث معاشی بحران کا سامنا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
جنوبی شام کے شہر سویدا  کی سڑکوں پر نکلنے والے سیکڑوں مظاہرین  حکومت کے زیر قبضہ علاقوں میں بہتر حالات زندگی اور جمہوریت کا مطالبہ کرنے کے لیے غیر معمولی احتجاج کر رہے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  شام میں انسانی حقوق پر نظر رکھنے والی برطانیہ کی تنظیم کے مطابق  شام میں چھ لاکھ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے سبسڈی پروگرام سے خارج کیا گیا ہے جس کے بعد 300 سے زائد مظاہرین  نےاحتجاج کے  پانچویں دن  شام کے شہر سویدا میں ریلی نکالی ہے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ریلی میں شامل ایک نوجوان نے مقامی میڈیا نیٹ ورک Suwayda24 کی جانب سے نشر ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں  بتایا ہے کہ ہم ایک سول، منصفانہ، جمہوری ریاست چاہتے ہیں۔
مقامی میڈیا نیٹ ورک کی فوٹیج میں مظاہرین میں شامل روایتی لباس پہنے ایک بزرگ شخص نے قیمتوں میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مظاہرین  کا کہنا ہے کہ اس طرح ہم زندہ نہیں رہ سکتے اور نہ ہی اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں، ہمارے پاس گیس یا ڈیزل بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایک ایسے وطن میں رہنا چاہتے ہیں جو ہماری عظمت اور ہمارے حقوق کی ضمانت دیتا ہو۔

ریلی میں شامل زندگی میں پہلی بار حالات زندگی میں بہتری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سویدا شہر میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی نے سیکورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی کے باوجود  اپنا احتجاج جاری رکھا اور شہر کی اہم سڑکوں کو سیل کر دیا۔
واضح رہے ایک ایسے ملک میں جہاں 90 فیصد آبادی غریب ہے وہاں رواں  ماہ کے آغاز میں حکومت کی جانب سے جاری عوام کی بڑی تعداد کو سبسڈی پروگرام سے خارج کر دیا گیا ہے۔
سبسڈی ختم کئے جانے کے باعث یہ افراد کم قیمت پر کھانے پینے کی اشیا اوراستعمال کے لیے تیل تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں۔
اس اقدام کے باعث شام کی حکومت کے زیر قبضہ علاقوں میں غیر معمولی مظاہروں اور تنقید کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔

سیکورٹی فورسزکی  تعیناتی کے باوجود مظاہرین نے اہم سڑکوں کو سیل کر دیا۔ فوٹو عرب نیوز

مقامی میڈیا Suwayda24کے کارکن نور رضوان اے ایف پی کو بتایا ہےکہ ریلی میں شامل زیادہ تر مظاہرین زندگی میں پہلی بار اپنے حالات زندگی میں بہتری کا مطالبہ لے کر سڑکوں پر نکلے ہیں جب کہ کئی ایک جمہوریت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شام کو مغربی پابندیوں، کوویڈ 19 کی وبائی بیماری اور مقامی کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی کے باعث معاشی بحران کا سامنا ہے۔
 

شیئر: