Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سات ریاستوں میں 14 خواتین سے شادی، انڈین شہری گرفتار

ملزم نے دہلی، پنجاب، آسام، جھارکھنڈ اور اوڈیشہ سمیت سات ریاستوں میں خواتین کو دھوکہ دیا۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی سات ریاستوں میں 14 خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر شادی کرنے والے ایک شہری کو اوڈیشہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین ریاست اوڈیشہ کے دارالحکومت بھونیشور سے تعلق رکھنے والے شخص نے 48 برس میں 14 شادیاں کیں۔ اس پر الزام ہے کہ وہ بیویوں کو چھوڑنے سے قبل ان سے رقم لے کر بھاگ جاتا تھا۔
اوڈیشہ میں بھونیشور کے پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش نے بتایا کہ یہ شخص خود کو ڈاکٹر متعارف کرواتا اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین سے شادی کرتا جبکہ پیرا ملٹری فورس میں کام کرنے والی ایک خاتون بھی متاثرہ خواتین میں شامل ہے۔
پیر کو گرفتار کیے گئے شہری جس کی عمر 60 برس سے اوپر ہے، نے اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا ہے۔ ملزم نے پہلی شادی 1982 میں کی تھی جبکہ 2002 میں دوسری شادی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں شادیوں سے ملزم کے پانچ بچے ہیں۔
پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش کا کہنا ہے کہ 2002 اور 2020 کے درمیان اس شہری نے دیگر خواتین کے ساتھ رشتوں کی ویب سائٹس کے ذریعے دوستی کی اور دیگر بیویوں کے بارے میں بتائے بغیر ان سے شادیاں کیں۔
ملزم اپنی آخری بیوی کے ساتھ بھونیشور میں رہ رہا تھا جو دہلی کے ایک سکول میں پڑھاتی تھیں۔ ملزم کی دیگر شادیوں کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد آخری بیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ملزم کو کرائے کے مکان سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم رشتوں والی ویب سائٹس کے ذریعے خواتین سے شادی کرتا۔ (فوٹو: انسپلیش)

پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش کا کہنا ہے کہ ملزم کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ درمیانی عمر کی خواتین سے شادی کرتا جن میں سے زیادہ تر طلاق یافتہ ہوتیں۔ یہ وہ خواتین تھیں جو دوبارہ شادی کرنا چاہ رہی تھیں اور ان کو چھوڑنے سے پہلے وہ ان سے رقم وصول کرتا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ملزم نے دہلی، پنجاب، آسام، جھارکھنڈ اور اوڈیشہ سمیت سات ریاستوں میں خواتین کو دھوکہ دیا۔ پہلی دو بیویاں اوڈیشہ سے تھیں۔

شیئر: