Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک عدم اعتماد، ’عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات کرنی چاہیے‘

شیخ رشید نے کہا کہ جب ملک میں جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو اس کے نتائج کچھ اچھے نہیں رہتے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے 172 ارکان پورے کرنے کا ٹاسک نواز شریف نے آصف زرداری کو دیا جو خرید و فروخت کر رہے ہیں مگر عمران خان ترپ کا پتہ کھیلیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کی ساری تربیت ہی ارکان کو چھانگا مانگا اور مری لے جانے کی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’میں ایک ووٹ کا سیاسی لیڈر ہوں۔ عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات کرنی چاہیے۔ اگر 14 سال پرانے مردے اکھاڑنے والے ایک دوسرے کے پاس جا سکتے ہیں تو عمران اور ترین تو دوست تھے۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا۔ ’عمران خان نے اپنے پتے سینے کے ساتھ لگا کر چھپا رکھے ہیں۔ آپ کے خرید و فروخت کے جمعہ بازار میں عمران خان سیاسی ڈرون حملہ کرے گا۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کی باتیں کرنے والے ووٹ کو ذلت کے گڑھے میں پھینکنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ’جن کو آپ سلام کرنے کے روادار نہیں تھے نہ صرف ان کے گھروں میں جا رہے ہیں بلکہ ان کو طرح طرح کی پیشکش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ جب ملک میں جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو اس کے نتائج کچھ اچھے نہیں رہتے۔
’یہ سارے مفاد پرست اکھٹے ہو رہے ہیں ان کو ایک خوف اکھٹا کر رہا ہے کہ اب اگر کچھ نہ ہوا تو ان کی کھال اتر جائے گی۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر آپ عدم اعتماد لاتے ہیں تو اس کی ناکامی کے بعد عمران خان مزید طاقتور ہوگا اور آپ کے لیے چیلنج ثابت ہوگا۔
’لندن میں بیٹھ کر گالیاں دیتے تھے اب منت سماجت کر رہے ہیں۔‘

شیئر: