Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمہوریت انتہائی تقسیم کا نظام نہیں :فواد چوہدری

پنجاب میں تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف بغیر سوچے سمجھے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی جس نے سیاست میں تلخیاں پیدا کر دی ہیں۔
سنیچر کو وزیر اطلاعات کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’اپوزیشن کی بغیر سوچے سمجھے عدم اعتماد کی تحریک نے سیاست میں تلخیاں پیدا کر دی ہیں۔ جمہوریت اتنی انتہائی تقسیم کا نظام نہیں، اس میں کم از کم اتفاق رائے پر نظام استوار ہوتا ہے۔‘
فواد چوہدری اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’سمجھتا ہوں کہ اتنی تقسیم نہ ہو کہ کسی بھی سبب گفتگو ہی مشکل ہو جائے، لڑنا مشکل نہیں بعد میں صلح مشکل ہوتی ہے۔‘ 
وزیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’سیاسی مخالفین کو گالی اور دھمکیاں دو، سزائے موت کی چکیوں میں ڈالو، بیٹیوں اور بہنوں کو جیلوں میں ڈالو، بے بنیاد الزامات لگاﺅ، پھر  بات چیت کے لیکچر؟
مریم اورنگزیب نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’فواد چودھری صاحب عوام کو پاگل سمجھا ہوا ہے کیا؟ تقسیم نہ ہونے کے مشورے دے کر خود کو، پاگل بنا رہے ہیں یا پھر دوسروں کو؟‘
خیال رہے کہ پاکستان کی سیاست میں گزشتہ ایک ہفتے سے اپوزیشن جماعتوں کی بڑھتی سرگرمیوں اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے سخت بیانات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنی عوامی رابطہ مہم تیز کر دی ہے اور جمعے کو خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کے بعد وہ اتوار کو پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
ادھر اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے وفود کی ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔

شیئر: