Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی کے ولی عہد کا یوکرینی صدرسے ٹیلی فونک رابطہ

صدر زیلنسکی نے انسانی ہمدردی کے تحت مدد کرنے پر شیخ محمد کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو وام
ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران روس یوکرین تنازع کے پرامن حل پر زور دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یوکرینی صدر نے شیخ محمد بن زاید کے ساتھ روسی فوجی حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے ساتھ ساتھ جاری امن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ترکی میں آمنے سامنے مذاکرات کا تازہ ترین دور ختم ہونے کے بعد روس اور یوکرین یکم اپریل کو آن لائن امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے والے ہیں۔
شیخ محمد بن زاید نے روس یوکرین تنازع کے سبب پیدا ہونے والے بحران اور اس کے نتائج پر بات کرتے ہوئے یوکرین میں امن یقینی بنانے کے لیے باہمی گفتگو کے ذریعے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی  وام کی  رپورٹ  کے مطابق  ابوظہبی کے ولی عہد  کا کہنا ہے کہ ہمیں یوکرین کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے دونوں ممالک اور انسانی تنظیموں کے درمیان ہم آہنگی کی  کوششوں  کو بڑھانے کو ترجیح دینی چاہیے۔

یوکرین میں امن یقینی بنانے کے لیے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فوٹو ٹوئٹر

شیخ محمد بن زاید کا کہنا ہے کہ سفارتی ذرائع اور امن مذاکرات کے ذریعے اس بحران کے پرامن حل تک پہنچنے میں تیزی لانے کے لیے اٹھائے گئے کسی بھی اقدام کی متحدہ عرب امارات حمایت کرتا ہے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے بے گھر ہونے والے یوکرینی شہریوں کا امارات میں خیرمقدم کرنے اور روس یوکرین تنازعے کے بعد انسانی ہمدردی کے تحت امداد فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا ہے۔
 

شیئر: