Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن سے ملاقات کے بعد سی آئی اے ڈائریکٹر کورونا کا شکار

65 سالہ ولیم برنز نے جمعرات کو جو بائیڈن نے ملاقات کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر ویلیم برنز کا کورونا ٹیسٹ صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے بعد مثبت آ گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سی آئی اے نے جمعے کو بتایا ہے کہ ویلیم برنز کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے جمعرات کو جو بائیڈن سے ملاقات کی تھی۔
سی آئی اے کی جانب سے ایک بیان میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ ملاقات کے وقت انہوں نے سماجی فاصلے کا خیال رکھا اور این 95 ماسک پہن رکھا تھا۔
سی آئی اے کے مطابق ’اس ملاقات اور بات چیت کو سی ڈی سی کے ہدایت نامے کی روشنی میں قریبی رابطہ نہیں کہا جا سکتا۔‘
65 سالہ برنز نے ویکسینیشن کروا رکھی تھی جبکہ بوسٹر شاٹ بھی لگوائی تھی، تاہم روٹین کے پی سی آر ٹیسٹ میں ان کو بیماری لاحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برنز میں مرض کی معمولی علامات سامنے آئی ہیں اور اب وہ گھر سے کام کریں گے اور پانچ روز بعد ان کا پھر سے ٹیسٹ کیا جائے گا اور نیگیٹیو ہونے پر دفتر واپس آئیں گے۔
جو بائیڈن کی عمر 79 سال ہے اور وہ اب تک کے امریکہ کے سب سے عمر رسیدہ صدر ہیں، انہوں نے بدھ کو اپنی دوسری بوسٹر شاٹ لی تھی۔
کورونا سامنے آنے کے بعد وائٹ ہاؤس کے لیے سخت حفاطتی اقدامات کیے گئے جن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے تاہم اس کے باوجود کئی ایسے لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں جن کا صدر کے ساتھ براہ راست اور قریبی رابطہ رہا، جس کے بعد صدر کی صحت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
امریکی صدر نے بوسٹر کی اضافی خوراک متعلقہ حکام کی جانب سے اس مںظوری دیے جانے کے ایک روز بعد لی تھی، جس میں فائز، بائیوٹیک یا موڈرنا کی خوراک 50 سال سے زائد عمر کے افراد لے سکتے ہیں۔
خیال رہے حکام کورونا کی اگلی لہر کا امکان ظاہر کر چکے ہیں۔

شیئر: