Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک سال تک کرکٹ ہی کرکٹ، شائقین کون سے میچ دیکھ سکیں گے؟

قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی آئندہ ایک سال کی مصروفیات پر مشتمل بین الاقوامی کرکٹ سیزن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق مئی 2022 سے مئی 2023 تک پانچ مینز اور پانچ ویمنز غیرملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
اس دوران قومی مینز کرکٹ ٹیم سات ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شامل یہ سات ٹیسٹ میچز میں سے دو سری لنکا، تین انگلینڈ اور دو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈزکے خلاف کھیلے جائیں گے۔
اس دوران قومی کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی 20 ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی شرکت کرے گی۔
ٹی 20 طرز کی کرکٹ میں ان دو ایونٹس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ کے خلاف سات، ویسٹ انڈیز کے خلاف تین اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ  ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اپریل 2023 میں دورہ پاکستان میں پانچ ون ڈےانٹرنیشنل سمیت پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔
دوسری جانب قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بھی آئندہ 12 ماہ میں چیلنجنگ کرکٹ کھیلنے کو ملے گی جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔

اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں آٹھ انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔
ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔ مہمان ٹیم کے اس دورے میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ اکتوبر، نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
پاکستان شاہینز کی بھی 19ویں ایشین گیمز میں شرکت یقینی ہے تاہم پی سی بی پاکستان شاہینز کے لیے مزید کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔

شیئر: