Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں جسمانی توانائی کی سطح برقرار کیسے رکھیں؟

یہ چیز یاد رکھیں کہ غذائیت اور صحت کو کس طرح منظم  رکھنا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ماہ رمضان کے دوران کھانے پینے اور سونے کے نظام الاوقات میں تبدیلی کی وجہ سے روزہ داروں کی جسمانی توانائی کی سطح قدرے کم ہو جاتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  آن لائن کوچ اور پرسنل ٹرینر ڈینیل ویلز  کی جانب سے ماہ مقدس میں جسمانی توانائی کو برقرار رکھنے کے لیے چند تجاویز شیئر کی گئی  ہیں۔

رمضان میں وقت کی منصوبہ بندی

رمضان المبارک کے دوران ہر کام کے لیے منصوبہ بندی کامیابی کی کلید ہے۔اس مہینے کے لیے ضروری ہے کہ افطار اور سحری میں کھانے کے ساتھ ساتھ ان کی تیاری میں  وقت پر  بھی غور کریں۔
سونے جاگنے کا وقت متعین کریں تا کہ آپ جسمانی تھکاوٹ سے محفوظ رہیں اور آپ اپناقیمتی وقت ضائع نہ کریں۔
یہ چیز آپ کے ذہن میں سب سے پہلے ہونی چاہئے کہ جسمانی  تندستی، فٹنس،  غذائیت اور صحت کو کب، کہاں اور کس طرح منظم  رکھنا ہے۔

روزانہ ہلکی پھلکی جسمانی ورزش

رمضان المبارک کے دوران جسمانی  توانائی کی سطح میں کمی دیکھ سکتے ہیں کیونکہ آپ کا جسم روزےسے  ہوتا ہے اور کھانے پینے کے شیڈول میں ممکنہ تبدیلیاں ہوتی ہیں، اس لیے ہلکی پھلکی ورزش کو ہی روز مرہ نظام میں شامل کریں۔
 10 یا 15 منٹ تک کی ہلکی چہل قدمی یا  تنفس کو درست رکھنے کی کچھ آسان مشقیں کرنا  آپ کو تروتازہ محسوس کرنے میں مدد کریں گے۔

روزے کے دوران بھوک سے توجہ ہٹا دیں

انسانی دماغ جب ایک چیز پر توجہ مرکوز رکھتا ہے تو باقی تمام چیزوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر سکتا ہے۔اپنے دماغ پر زور ڈالیں اور منتخب کریں کہ آپ کون سے احساسات پر زور دینا چاہتے ہیں اور جن کو آپ آسانی سے نظر انداز کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
اس طرح  اپنی بھوک کی خواہش کو ایک طرف رکھیں اور کسی ایسی چیز پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کریں جس سے آپ لطف اندوز ہوں جیسے پڑھنا، سننا یا دیگر دماغی کام۔

افطار کے وقت  تناول آرام سے کریں

دوران رمضان خصوصی طور پر وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کھانا کھاتے ہوئے  وقت  کا خیال رکھیں اور کھانے کو اچھی طرح چبا کر نگلیں۔اس پر توجہ رکھیں کہ نگلنے سے پہلے کھانے کی کسی بھی چیز کو  کم از کم 30 یا 40 سیکنڈ تک ضرور چبائیں۔
حفظان صحت کے اصول کے مطابق کھانا جتنا زیادہ  چبائیں گے  جسم کو ہضم کرنا اتنا ہی آسان ہوتا ہے اور اتنے زیادہ غذائی اجزاء جذب کر سکتے ہیں۔کھانے کی رفتار کو کم رکھیں گے تو زیادہ دیر تک پیٹ بھرا محسوس ہوگا۔
کچھ وقت پرسکون انداز میں آرام کریں

اگر ممکن ہو تو کچھ وقت بھرپور آرام کریں یا کم از کم 30 منٹ تک نیند کر لیں اس سے تازگی محسوس ہوتی ہے۔
پرسکون انداز میں کیا گیا تھوڑا سا آرام جسمانی  توانائی کو بڑھاتا ہے  اور یہ انسانی کیفیت اور موڈ کو خوشگوار بنانے  سے بھی منسلک  ہے۔

ٹھنڈے پانی سے نہانا صحت بخش عمل

رمضان کے دوران ہر روزہ دار کسی بھی طرح اپنی جسمانی  توانائی میں اضافہ  چاہتا ہے بعض اوقات  کام کے دوران غنودگی محسوس ہو تو جسم کو چست اور چاق و چوبند رکھنے کے لیے ٹھنڈے پانی سے نہانا صحت بخش عمل ہے۔
غسل  کے بعد انسانی جسم میں  آکسیجن کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے جس سے انسان ہشاش بشاش نظر آتا ہے۔
اگرچہ ٹھنڈے  پانی سے جسم   پہلے تو بے چینی کی کیفیت محسوس کرتا ہے لیکن   دراصل تناؤ کی سطح کو کم کرنے کے بعد  انسان اپنے آپ کو  پرسکون محسوس کرتا ہے۔
 

شیئر: