Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کی عارف علوی سے ملاقات، ’سیاسی و معاشی صورت حال پر گفتگو‘

صدر عارف علوی شہباز شریف کی حلف برداری کے دن چھٹی پر چلے گئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد بدھ کو صدر ڈاکٹر عارف علوی سے پہلی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ صدر عارف علوی نے شہباز شریف کی حلف برداری نہیں کروائی تھی اور چھٹی پر چلے گئے تھے، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کے ساتھ نظریاتی اختلاف کے باعث حلف برداری سے اجتناب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی کے درمیان ملاقات کے بعد جاری کیے گئے مختصر بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔‘
’ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
شہباز شریف کا حلف نہ لینے کے بعد صدر نے وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی عہدے سے ہٹانے سے انکار کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلٰی حلف لینے سے انکار پر شہباز شریف نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لیے صدر کو سمری بھیجی تھی، تاہم عارف علوی نے انہیں کام جاری رکھنے کا کہا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے وفاقی کابینہ سے بھی حلف لینے سے انکار کیا تھا اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کابینہ سے حلف لیا تھا۔

شیئر: