Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں اسلامی مالیاتی پروگرام کے اثاثے 3 ٹریلین ریال، البرکہ فورم کا افتتاح

اسلامی مالیات 7.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
گورنر مدینہ منورہ کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد نے البرکہ اسلامی اکنامک فورم کا بدھ کو افتتاح کردیا۔ 
ایس پی اے کے مطابق اس کا عنوان ’ڈیجیٹل اکانومی اور مستقبل پر نظر‘ ہے۔ اس میں سرمایہ کاری، فنڈنگ اور معیشت کے شعبوں کے ممتاز ماہرین شریک ہیں۔ مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر ممدوح بن سعود بن ثنیان آل سعود سیمینار میں پیش پیش ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق البرکہ فورم کے چیئرمین عبداللہ صالح کامل نے استقبالیہ خطاب میں البرکہ سیمینار اور اس کی تاریخ کا تعارف پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 42 برس قبل معروف سعودی سرمایہ کار شیخ صالح کامل نے اس کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اسلامی معیشت کے لیے صالح عبداللہ کامل ایوارڈ کا اعلان کیا تھا۔ 
البرکہ فورم کے چیئرمین نے توجہ دلائی کہ دنیا بھر میں اسلامی معیشت سے دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت نے اس حوالے سے جس حکمت عملی کا اعلان کیا ہے وہ  بہت اعلیٰ درجے کی ہے۔ اس کی بدولت مملکت اسلامی مالیاتی نظام کا عالمی مرکز بن رہی ہے۔ یہ سعودی مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت سے مناسبت رکھتی ہے۔ 
نائب گورنر مدینہ اور سیمینار کے حاضرین نے اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی دیکھی جس میں اسلامی معیشت کی سرپرستی کے حوالے سے صالح کامل کی خدمات کا تعارف کرایا گیا۔ 
سینٹرل بینک کے گورنر کے سیکریٹری برائے تحقیقات و عالمی امور ڈاکٹر فہد الدوسری نے سیمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ  اسلامی مالیات 7.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ مملکت میں اسلامی مالیاتی پروگرام کے اثاثے  3 ٹریلین ریال کے لگ بھگ ہیں۔ یہ شعبہ مملکت میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ سالانہ شرح نمو  18 فیصد ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: