Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف آئین شکنی کی کارروائی ہوگی: احسن اقبال

احسن اقبال نے عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ ملک کو بنانا ری پبلک بنانا چاہتے ہیں (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے سابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے آئین شکنی کی، جس پر ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔
اتوار کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے سابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے آئین شکنی کروائی اور اب آپ ان کو ہیرو بنا رہے ہیں۔‘
ان کے بقول ’عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو پیروں تلے روندا۔‘
احسن اقبال نے عمران خان کے پشاور کے جلسے کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کہتے ہیں کہ رات 12 بجے عدالت کیوں کھلی۔‘
انہوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے اپنی ڈیوٹی پوری کی۔ اس کی ڈیوٹی ہے کہ جہاں آئین شکنی دیکھے، اس کا نوٹس لے۔‘
انہوں نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آئین  کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا۔
احسن اقبال نے عمران خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو بنانا ری پبلک بنانا چاہتے ہیں، مگر اہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کو الیکشن کمیشن سے خوف آ رہا ہے۔
احسن اقبال نے فارن فنڈنگ کا کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک دشمن ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پچھلی حکومت کی تباہ کاریوں کو سمیٹ رہی ہے۔

شیئر: