Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک قانون میں نئی ترمیم پرانی خلاف ورزیوں پر لاگو ہوگی؟

عوامی سلامتی پر اثر انداز خلاف ورزیوں پر نئی سزائیں نافذ کی جائیں گی(فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک مکہ ریجن کے ڈائریکٹر میجر جنرل سلمان الجمیعی نے کہا ہے کہ’ ٹریفک قانون کی نئی ترامیم پرانی خلاف ورزیوں پرلاگو نہیں ہو گی۔ عوامی سلامتی پراثر انداز خلاف ورزیوں پر نئی سزائیں نافذ کی جائیں گی۔‘  
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میجرجنرل سلمان الجمیعی نے کہا کہ’ ٹریفک قانون میں جو ترامیم کی گئی ہیں ان کا مقصدعوام کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ گاڑیوں کے ڈرائیور ٹریفک قانون کی پابندی کریں اور ڈرائیونگ کے وقت ڈسپلن کا مظاہرہ کریں۔‘ 
میجرجنرل سلمان الجمیعی نے کہا کہ ’سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کے بعد مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے سامنے کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ جمع کرنے کے لیے 45 دن کی چھوٹ ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹریفک قانون کی نئی ترامیم پرانی  خلاف ورزیوں پر کسی صورت لاگو نہیں کی جائیں گی۔ نئی ترامیم  صرف مستقبل میں ہونے والی ٹریفک خلاف ورزیوں پرلاگو ہوں گی۔‘
یاد رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا تھا کہ ’راہگیروں کی سلامتی اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول کے لیے ٹریفک قانون کی دفعہ 75 میں ترمیم کی گئی ہے۔‘
ترمیم کے بموجب ’مخصوص خلاف ورزیوں کے جرمانے 15 روزہ مہلت کے اندر ادا نہ کرنے پر خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے بینک اکاؤنٹ منجمد کردیے جائیں گے۔ مہلت کی شروعات ٹریفک خلاف ورزی پر اعتراض کے لیے مقرر مدت گزرنے پر شروع ہوگی۔‘
یاد رہے کہ ٹریفک قانون کی دفعہ 75 کی شق ایک کے تحت ٹریفک خلاف ورزی پر 30 روز کے اندر اعتراض کا حق دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والے کا اعتراض ٹریفک کورٹ سے مسترد کیے جانے کی صورت میں بھی مہلت شروع ہو جاتی ہے۔ 
خلاف ورزی پر کیے جانے والے جرمانے میں ترمیم کا فیصلہ صادر ہونے پر بھی مہلت شروع ہوتی ہے بشرطیکہ خلاف ورزی کرنے والے نے مزید مہلت کی درخواست نہ  کی ہو جس کی انتہائی مدت 90 روز ہے۔

شیئر: